|
تائیوان کی سیمی کنڈکٹر مینیوفیکچرنگ کمپنی ٹی ایس ایم سی کے سی ای او ، سی سی وئے نے پیر کو اعلان کیا کہ ان کی کمپنی آنے والے برسوں میں امریکہ میں 100 ارب ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری اور پانچ اضافی چپ فیکٹریاں بنانے کا ارادہ رکھتی ہے ۔
کمپنی کے سی ای او نے یہ اعلان وائٹ ہاؤس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران کیا ۔
ٹرمپ نے اس موقع پر کہا، ،’’ ہمیں چپس اور سیمی کنڈکٹر بنانے کے قابل ہونا چاہیے جس کی ہمیں یہاں ضرورت ہے ۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا،’’ یہ ہماری قومی سلامتی کا معاملہ ہے ۔‘‘
ٹی ایس ایم سی ، جو دنیا میں چپ بنانے والی سب سے بڑی کمپنی ہے ، امریکہ کی ہارڈ وئیر بنانے والی کمپنیوں کو سب سے زیادہ چپ فراہم کرتی ہے ۔
ایک سو ارب ڈالر کی یہ سرمایہ کاری ، جو امریکی پروڈکشن کو فروغ دے گی اور ایشیا میں بننے والے سیمی کنڈکٹرز پر امریکہ کانحصار کم کرے گی ، اس بڑی سرمایہ کاری کے علاوہ ہے جس کااعلان اس سے قبل کیا گیا تھا۔
ٹی ایس ایم سی حال ہی میں ا س بات پر تیار ہو گئی تھی کہ وہ امریکہ میں اپنی مجوزہ سرمایہ کاری کو 25 ارب ڈالر سے 65 ارب ڈالر تک بڑھا دے گی اور ایریزونا میں 2030 تک ایک تیسری فیکٹری کا اضافہ کر دے گی۔
پانچ نومبر کے انتخابات میں اپنی کامیابی کے بعد سے ٹرمپ نے روزگار پیدا کرنے کے لیے ملکی صنعتوں میں سرمایہ کاری کو بڑھانے کی کوششوں میں اضافہ کر دیا ہے ۔
ٹی ایس ایم سی کی جانب سے ایسی سرمایہ کاری کے اعلان سے قبل فروری میں ایپل کمپنی نے کہا تھا کہ وہ اگلے چار برسوں میں 500 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ امارات کے ارب پتی حسین سجوانی اور سوفٹ بنک نے بھی امریکہ میں کئی ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے ۔
فورم