صومالیہ کے دارلحکومت، موغادیشو میں اقوام متحدہ کے قافلے پر ہونے والے خودکش کار بم حملے میں، کم از کم تین افراد ہلاک جب کہ سات زخمی ہوئے ہیں۔
یہ حملہ بدھ کو شہر میں واقع بین الاقوامی ہوائی اڈے کے انتہائی سخت پہرے والے مقام کے قریب ہوا، جہاں چند بیرونی سفارت خانے اور اقوام متحدہ کے دفاتر واقع ہیں۔
اقوام متحدہ کے ایک ترجمان نے کہا ہے دھماکے میں اقوام متحدہ کا کوئی کارکن ہلاک و زخمی نہیں ہوا۔
الشباب کے شدت پسند گروہ نے اس خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے، ایک بیان میں کہا ہے کہ اُس کے جنگجوؤں نے ’کرائے کے غیر ملکی سپاہیوں اور اُن کے بے دین ساتھیوں کے ایک قافلے کو نشانہ بنایا تھا‘۔
افریقی یونین کی افواج کے ہاتھوں، رفتہ رفتہ الشباب کی اِس علاقے پر گرفت کمزور پڑتی جارہی ہے۔ لیکن، حالیہ برسوں کے دوران، موغادیشو میں متعدد بم حملے ہوئے ہیں۔