کیوبا کے سہ روزہ دورے کے بعد، کیتھولک کلیسا کے روحانی سربراہ، پوپ فرانسس منگل کی شام امریکہ کے پہلے اور تاریخی دورے پر واشنگٹن پہنچے۔ اینڈریوز ایئر فورس بیس پر اُن کا استقبال کرنے والوں میں صدر براک اوباما اور خاتون اول مشیل اوباما کے علاوہ نائب صدر جو بائیڈن اور بیگم جِل شامل تھے۔
اُن کا طیارہ پونے چار بجے شام واشنگٹن اترا۔
اپنے چھ روزہ دورے میں وہ واشنگٹن، نیویارک اور فلاڈیلفیا جائیں گے۔
واشنگٹن میں قیام کے دوران، پوپ فرینسس صدر اوباما سے نجی ملاقات کریں گے۔
پوپ کانگریس کے ایک مشترکہ اجلاس سے خطاب کے علاوہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، جب کہ فلاڈیلفیا میں وہ ایک کھلے اجتماعی دعائیہ اجلاس سے خطاب کریں گے، جس میں تقریباً 20 لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔
پوپ ارجنٹینا کے شہر بیونس آئرس میں پیدا ہوئے تھے۔ اُن کا اصل نام جارج ماریو برگوگلیو ہے۔
ایک حالیہ عام جائزے کے مطابق، وہ امریکہ میں انتہائی معروف شخصیت ہیں، جہاں اُن کی مقبولیت کی شرح 66 فی صد ہے؛ جب کہ ایک اور سروے کے مطابق، کیوبا میں اُن کی مقبولیت کی شرح 80 فی صد بتائی جاتی ہے۔