رسائی کے لنکس

کوہستان میں بارش اور مٹی کے تودے گرنے سے 16 افراد ہلاک


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

پاکستان میں حکام نے کہا ہے کہ شمالی ضلع کوہستان میں مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم 16 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

ملک میں آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے ’این ڈی ایم اے‘ کے ترجمان احمد کمال نے جمعرات کو وائس آف امریکہ سے گفتگو میں بتایا کہ یہ ہلاکتیں وادی کندیاں میں ہوئیں جہاں گزشتہ رات ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آئی۔

اُنھوں نے بتایا کہ اطلاعات کے مطابق کئی افراد تاحال لاپتا ہیں اورہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

احمد کمال کا کہنا تھا کہ سنگلاخ پہاڑی سلسلے کے باعث زمینی راستے سے متاثرہ علاقے تک پہنچے میں کم از کم دو دن کا وقت درکار ہو گا، اس لیے کوہستان کی مقامی انتظامیہ نے حکومت سے امدادی کارروائیوں کے لیے ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

وادی کندیاں کو دیگر علاقوں سے ملانے والی مرکزی سڑک گذشتہ سال بارشوں میں بہہ گئی تھی اور اب وہاں تک رسائی پیدل یا ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

تاہم این ڈی ایم اے کے ترجمان نے بتایا کہ ملک کے شمالی علاقوں میں بارشیں جاری ہیں اور یہ سلسلہ بند ہونے کے بعد ہی ہیلی کاپٹر کی پرواز ممکن ہو گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ کوہستان میں بارشوں کا سلسلہ بند ہوتے ہی مقامی انتظامیہ اور دیگر صوبائی اداروں کی معاونت سے وادی کندیاں میں امدادی کارروائیاں شروع کر دی جائیں گی۔

XS
SM
MD
LG