رسائی کے لنکس

مردان : پنجاب رجمنٹ سینٹر میں خود کش حملہ ،31 افراد ہلاک


ہلاک ہونے والوں کے لیے تابوت لے جائے جارہے ہیں
ہلاک ہونے والوں کے لیے تابوت لے جائے جارہے ہیں

خیبر پختونخواہ کے دوسرے بڑے شہر مردان میں پنجاب رجمنٹ سینٹر کے اندر جمعرات کی صبح فوجی پریڈ کے دوران ایک خودکش بم دھماکے میں 31 اہلکار ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے ۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ حملہ آور اسکول یونیفارم میں ملبوس لگ بھگ 19 سال کا ایک نوجوان تھا جو تربیتی مرکز میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگیا اور وہاں مصروف اہلکاروں کے قریب پہنچ کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ جائے وقوعہ کے قریب ہی ایک اسکول ہے اور یہاں سکول کے بچوں کا آنا جانا لگا رہتا ہے اور اس طرح ہرکسی کو شناخت کرنا تھوڑا مشکل ہوتا ہے۔انھوں نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ میاں افتخار کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ مہمند ایجنسی میں عسکریت پسندوں کے خلاف جاری سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کا ہی ردعمل ہوسکتا ہے۔

مردان میں فوج کی اس تنصیب پر 2006 ء میں بھی ایک خودکش حملہ کیا گیا تھاجس میں کم از کم 35 فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔

XS
SM
MD
LG