پشاور کے نواحی علاقے بڈبیر کے مصروف بازار میں بدھ کی صبح ایک طاقتور بم دھماکے میں تین بچوں اور ایک خاتون سمیت کم از کم 10 افراد ہلاک اور 32 زخمی ہوگئے۔
پشاور پولیس کے ایک سینیئر سپریٹنڈنٹ اعجاز خان نے بتایا کہ دھماکا خیز مواد ایک گاڑی میں رکھا گیا تھا جس کا ہدف ایک پولیس اسٹیشن تھا۔ انھوں نے کہا کہ گاڑی میں ٹائمر نصب کیا گیا تھا مگر سڑک پر ٹریفک کا رش ہونے کی وجہ سے یہ مقررہ وقت تک تھانے تک نہ پہنچ پائی اور اس کا ڈرائیور اسے سڑک پر ہی چھوڑ کر فرار ہوگیا۔
دھماکے سے قریب کی کئی دکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
اعجاز خان کے بقول دہشت گردی کی یہ تازہ کارروائیاں ان عسکریت پسندوں کی ہیں جو ڈرون حملوں کے بعد خیبر ایجنسی سے شہر کے قرب وجوار میں منتقل ہوگئے ہیں۔