رسائی کے لنکس

جاپان: چھ ہزار گائیوں سے لدا کارگو جہاز ڈوب گیا، عملے کے لاپتا ارکان کی تلاش جاری


فائل فوٹو
فائل فوٹو

نیوزی لینڈ سے چین جانے والا مال بردار بحری جہاز، جس پر چھ ہزار گائیں لدی ہوئی تھیں، جاپان کی حدود میں ڈوب گیا ہے۔ جہاز پر عملے کے 43 ارکان بھی سوار تھے۔

متاثرہ جہاز کے عملے میں 39 فلپائنی، دو آسٹریلوی اوردو نیوزی لینڈ کے باشندے سوار تھے۔

جاپان کے کوسٹ گارڈز نے متاثرہ کارگو جہاز میں سوار ایک شخص کو بچا لیاگیا ہے جس کے مطابق سمندر میں بلند لہریں اٹھنے کی وجہ سے کارگو جہاز الٹ گیا تھا۔

بچائے جانے والا شخص 45 سالہ فلپائنی شہری ہے جس نے بتایا کہ اس نے لائف جیکٹ پہن رکھی تھی اور جہاز میں خطرے کا الارم بجتے ہی اس نے سمندر میں چھلانگ لگا دی تھی۔

سمندری لہروں کی زد میں آنے والا جہاز جاپان کے امامی اوشیما جزیرے کے قریب تھا جہاں پہنچ کر عملے نے وائر لیس کے ذریعے تیز ہواؤں اور طوفان کے خطرے سے جاپان کے حکام کو آگاہ کیا۔ جس پر جاپان کے کوسٹ گارڈز حرکت میں آئے۔

جہاز کے عملے کی تلاش کے لیے جاپان کے کوسٹ گارڈز کا جہاز، پانچ طیارے اور تربیت یافتہ غوطہ خور سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے شمالی جزیرے سے 'گلف لائیو اسٹاک ون' نامی جہاز 14 اگست کو 5887 مویشیوں کو لے کر چین کے لیے روانہ ہوا تھا۔

جہاز کو چین کے شہر تنگشن کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہونا تھا۔

نیوزی لینڈ کی وزارتِ خارجہ نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو بتایا ہے کہ کارگو جہاز کو تقریباً 17 روز میں چین پہنچنا تھا۔

XS
SM
MD
LG