رسائی کے لنکس

ماؤنٹ مانگنوئی ٹیسٹ: فواد، رضوان کی مزاحمت کے باوجود پاکستان کو شکست


فواد عالم 102 رنز کی شان دار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
فواد عالم 102 رنز کی شان دار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد ماؤنٹ مانگنوئی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 101 رنز سے شکست دے دی ہے۔

کھیل کے پانچویں اور آخری روز پاکستان کو میچ بچانے کا چیلنج درپیش تھا جس میں پاکستان کی ٹیم کھیل کے آخری سیشن تک کوشش کرتی رہی تاہم فواد عالم کی سینچری اور کپتان محمد رضوان کی نصف سینچری بھی پاکستان کے لیے ناکافی ثابت ہوئی۔

پانچویں روز پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 71 رنز سے کھیل کا آغاز کیا تو اظہر علی 34 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

پانچویں وکٹ کی شراکت میں کپتان محمد رضوان نے فواد عالم کے ساتھ مل کر 165 رنز بنائے جس کے بعد پاکستان کے لیے ٹیسٹ میچ بچانے کی اُمیدیں روشن ہو گئیں۔

240 کے مجموعی اسکور پر کپتان محمد رضوان ایل بی ڈبلیو ہو گئے جس کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر لڑکھڑا گئی۔

242 کے مجموعی اسکور پر فواد عالم بھی آؤٹ ہو گئے۔ فہیم اشرف 19، یاسر شاہ بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوئے۔ جب آخری بلے باز نسیم شاہ ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو اس وقت کھیل ختم ہونے میں چند اووز ہی باقی رہ گئے تھے۔ شاہین شاہ آفریدی آٹھ رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 431 رنز بنائے تھے جب کہ پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 239 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

پاکستان کو پہلی اننگز میں 192 رنز کے خسارے کا سامنا تھا جس کے بعد نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز 180 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر کے پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 373 رنز کا مشکل ہدف دیا تھا۔

پہلی اننگز میں 129 رنز بنانے پر نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پاکستان کو اس میچ میں شکست کے باوجود پاکستانی ٹیم کے فینز سوشل میڈیا پر فواد عالم کی کارکردگی کو سراہ رہے ہیں اور ڈومیسٹک کرکٹ میں کم و بیش دس سال سے اچھی پرفارمنس دینے کے باوجود قومی ٹیم میں زیادہ مواقع نہ دیے جانے پر سلیکشن کے ذمہ داروں کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 جنوری سے کرائسٹ چرچ میں شروع ہو گا۔

XS
SM
MD
LG