رسائی کے لنکس

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ: پاکستان کو اننگز اور 176 رنز سے شکست، سیریز کیویز کے نام


نیوزی لینڈ نے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی ہے۔
نیوزی لینڈ نے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی ہے۔

نیوزی لینڈ نے کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں پاکستان کو اننگز اور 176 رنز سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز بھی 0-2 سے اپنے نام کر لی ہے۔

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی دوسری اننگز شروع کی تو ابتدا ہی سے بلے باز دباؤ کا شکار رہے اور کیویز بولروں نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے وکٹیں لینے کا سلسلہ جاری رکھا۔

پاکستان کی جانب سے کوئی بلے باز نمایاں کارکردگی پیش نہ کر سکا۔ تجربے کار بلے باز اظہر علی اور ظفر گوہر 37، 37 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔

اوپننگ بلے باز شان مسعود پہلی اور دوسری اننگز میں بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے جب کہ عابد علی 26، حارث سہیل 15، فواد عالم 16، کپتان محمد رضوان 10 اور فہیم اشرف 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کائل جیمی سن نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھ وکٹیں حاصل کیں جب کہ ٹرینٹ بولٹ نے تین اور کین ولیمسن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

کائل جیمی سن نے میچ میں مجموعی طور پر 11 وکٹیں حاصل کیں۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کائل جیمی سن نے میچ میں مجموعی طور پر 11 وکٹیں حاصل کیں۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے کائل جیمی سن نے میچ میں مجموعی طور پر 11 وکٹیں حاصل کیں۔

میچ میں بہترین کارکردگی پر کائل جیمی بہترین کھلاڑی قرار پائے جب کہ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔​

یاد رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 297 رنز بنائے تھے جب کہ نیوزی لینڈ نے اپنی اننگز چھ وکٹوں پر نقصان پر 659 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی تھی۔

میزبان ٹیم کو پاکستان پر 362 رنز کی سبقت حاصل تھی جسے ختم کرنے اور میچ بچانے کے لیے پاکستان کی پوری ٹیم ناکام رہی اور 186 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

نیوزی لینڈ کی اننگز

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے دوسرے روز نیوزی لینڈ نے جب اننگز کا آغاز کیا تو اوپننگ بلے باز ٹام لیتھم اور ٹام بلینڈل نے ٹیم کو 52 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

ٹام بلینڈل کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان کین ولیمسن بیٹنگ کے لیے آئے اور اُن کے بلے نے رنز اگلنا شروع کیے۔ ولیمسن کی زبردست بیٹنگ کے سامنے پاکستانی بالرز کی ایک نہ چلی اور وہ ہینری نکولس کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور آگے بڑھاتے رہے۔

دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ پر 369 رنز کی شراکت قائم کی جو پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کا نیا ریکارڈ ہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے تیسری وکٹ پر طویل ترین پارٹنرشپ 91-1990 میں مارٹن کرو اور اینڈریو جانز نے سری لنکا کے خلاف ویلنگٹن ٹیسٹ میں قائم کی تھی۔ دونوں بلے بازوں نے 467 رنز بنائے تھے۔

کیویز کپتان ولیمسن اور نکولس کو بیٹنگ کے دوران دو دو موقعے ملے۔ ولیمسن کو پہلی مرتبہ 82 اور دوسری مرتبہ 107 رنز پر موقع ملا جب اظہر علی نے ان کا کیچ چھوڑا۔

اسی طرح نکولس بھی خوش قسمت رہے۔ تین کے اسکور پر وکٹ کیپر محمد رضوان نے اُن کا شاندار کیچ پکڑا لیکن شاہین شاہ آفریدی کی اوور اسٹیپنگ کی وجہ سے امپائر نے نو بال قرار دیا۔

نکولس کو دوسرا موقع اُس وقت ملا جب وہ 86 رنز پر کریز پر موجود تھے اور شاہین شاہ آفریدی ہی کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان اُن کا کیچ نہ پکڑ سکے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیرل مچل نے 102 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی جب کہ کپتان ولیمسن 238 اور ہینری نکولس 157 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔

XS
SM
MD
LG