پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بھی دستیاب نہیں ہوں گے اور ان کی غیر موجودگی میں پہلے ٹیسٹ میں کپتانی کے فرائض انجام دینے والے محمد رضوان ہی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بابر اعظم نے گزشتہ روز ہونے والی پریکٹس میں حصہ لیا۔ تاہم انہوں نے اپنے انگوٹھے میں درد محسوس کی جس کے باعث ٹیم مینجمنٹ نے انہیں اتوار سے کرائسٹ چرچ میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں شامل کرنے کا رسک نہیں لیا۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے دورے کے دوران بابر اعظم کا پریکٹس سیشن میں دایاں انگوٹھا فریکچر ہوا تھا جس کے باعث وہ ٹی ٹوئنٹی سیریز اور پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی شرکت نہیں کر سکے تھے۔
پی سی بی کے ڈاکٹر سہیل سلیم کے مطابق بابر اعظم کے فریکچر میں بہتری ہوئی ہے۔ تاہم ان کے بقول بابر اعظم کو ابھی مکمل طور پر فٹ ہونا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ پاکستانی ٹیم کے کپتان ہیں اور اس سے بڑھ کر پاکستانی بیٹنگ لائن اپ کے اہم تریم کھلاڑی ہیں۔ لہذا وہ کوئی رسک نہیں لینا چاہتے۔
ان کے بقول طبی ٹیم مسلسل بابر اعظم کے فریکچر پر نظر رکھے ہوئے ہے اور انہیں امید ہے کہ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والی ہوم سیریز میں دستیاب ہوں گے۔
گزxتہ تین برس کے دوران بابر اعظم نے پاکستان کے لیے تینوں فارمیٹس میں بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔
بابر اعظم کے زخمی ہونے سے نہ صرف ٹیم کے حوصلے میں کمی آئی ہے۔ بلکہ نیوزی لینڈ کے خلاف طے کردہ حکمت عملی کو بھی دھچکہ لگا ہے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف 2016 میں ڈیبیو کرنے والے بابر اعظم نے پاکستان کے 32 میچوں میں سے صرف 3 میچز میں شرکت نہیں کی ہے۔
اپنی ڈیبیو سیریز میں بابر اعظم کو یونس خان کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ جو ڈینگی وائرس کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہوئے تھے۔
بابر اعظم نے 29 ٹیسٹ میچز میں 45.44 کی اوسط سے 2045 رنز بنائے ہیں۔