|
نئے امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے پینٹاگان میں آنے سے پہلے ہی یہ وعدہ کیا تھا کہ فوج میں مزید تبدیلیاں لائی جائیں گی۔
ہیگستھ ایک باقار سابق فوجی اور فاکس نیوز کے سابق اینکر ہیں۔ پیر کے روز جب وہ پہلی بار اپنے دفتر پہنچے تو پینٹاگان کے باہر جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے چیئرمین جنرل چارلس براؤن نے ان کا خیرمقدم کیا۔
اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ہیگستھ کا کہنا تھا کہ وزیر دفاع کے طور پر خدمات سرانجام دینا عمر بھر کے لیے ایک اعزاز ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دفاع کے محکمے میں تیز رفتاری سے کام ہو گا۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ دفاع میں امریکی صدر کے قانونی احکامات پر تیزی اور بلا عذر و معذرت عمل درآمد کیا جائے گا۔
ہیگستھ نے کہا کہ ہم لوگوں کو جوابدہ ٹہرائیں گے۔
ہیگستھ کی نامزدگی کی توثیق کے لیے سینیٹ میں سماعت جمعے کو دیر گئے ہوئی تھی جس میں انہیں 50 کے مقابلے میں 51 ووٹ ملے۔ فیصلہ کن ووٹ نائب صدر جے ڈی وینس نے دیا تھا۔
انہوں نے ہفتے کے روز اپنے عہدے کا حلف اٹھایا اور اتوار کو اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو سے ٹیلی فون پر بات کی، جس کے بارے میں پینٹاگان کا کہنا ہے کہ وہ ایک تعارفی فون کال تھی۔
ہیگستھ نے پینٹاگان جانے سے قبل پیر کے روز صحافیوں سے کہا کہ اپنے اتحادیوں کے لیے ہم سے بڑھ کر کوئی دوست نہیں ہو گا اور ہمیں آزمانے والے امکانی دشمنوں کے لیے ہم سے بڑھ کر کوئی طاقت ور مخالف نہیں ہو گا۔
انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ پیر کے روز فوج سے متعلق اضافی ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کریں گے جن میں امریکہ کے لیے اسرائیل کے آئرن ڈوم میزائل ڈیفنس سسٹم کا ایک امریکی ورژن تیار کرنا ، اور پینٹاگان سے تنوع، مساوات اور شمولیت (DEI)کے اقدامات کے خاتمے کے احکامات شامل ہوں گے۔اس کے علاوہ ان فوجیوں کو بحال کرنے کا ایگزیکٹو آرڈر بھی ہوگا ، جنہیں کوویڈ۔19 کی ویکسین لینے سے انکار پر فوج سے نکال دیا گیا تھا۔
ہیگستھ نے یہ بھی کہا کہ پینٹاگان یہ یقینی بنائے گا کہ امریکہ کی جنوبی سرحد کو محفوظ بنانے کے لیے درکار تمام وسائل ٹرمپ کے پاس موجود ہوں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ سرحد پر ہر وہ چیز فراہم کی جائے گی جس کی ضرورت ہو گی۔ یہ ایک تبدیلی ہے۔ ماضی میں ایسا نہیں ہوتا تھا۔
اگست 2021 میں افغانستان سے انخلا سے پہلے امریکہ کے ساتھ کام کرنے والے افغان باشندوں کے مقدر سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ہیگستھ کا کہنا تھا کہ ہم یہ یقینی بنا رہے ہیں کہ افغانستان میں جو کچھ ہوا، اس کا احتساب ہو اور ہم اپنے اتحادیوں کے ساتھ کھڑے ہوں۔
(وی او اے نیوز)
فورم