رسائی کے لنکس

نئی پاکستانی فلم ’ماہ میر‘ ریلیز ہوگئی


ستارے ہی نہیں فلم کے ڈائریکٹر اور پروڈیوسر کے علاوہ پاکستان کی انٹرٹیمنٹ انڈسڑی کے مقبول آرٹسٹ بھی ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہوئے اور سب کا دل لبھا گئے

پاکستان کی بائیو پک ’منٹو‘ نے وہ شہرت اور وہ کامیابی حاصل کی کہ لوگوں نے ’ماہ میر‘ کا انتظار شروع کر دیا۔ فلم کا نام سن کر احساس ہوتا ہے کہ غالباً یہ فلم بھی بائیو پک ہوگی جو اردو کے عظیم شاعر میر تقی میر سے منسوب ہو۔ اصل صورتحال ہم آپ کو اگلی سطروں میں بیان کریں گے فی الحال یہ سنئے کہ ۔۔۔

بات ہو رہی تھی ’ماہ میر‘ کے انتظار کی تو حقیقت یہی ہے کہ ’ماہ میر‘ کا پچھلے کئی مہینوں سے انتظار تھا جو جمعے کو آخر کار اپنے اختتام کو پہنچا۔ فلم ریلیز ہوگئی جبکہ اس سے ایک رات قبل کراچی کے’نیوپلیکس‘ سنیما میں اس کا ریڈ کارپٹ اور پریمئیر شو ہوا، جس میں ڈھیر سارے ستاروں کی جھلملاہٹ نے چار چاند لگا دیئے۔

ستارے ہی نہیں فلم کے ڈائریکٹر اور پروڈیوسر کے علاوہ پاکستان کی انٹرٹیمنٹ انڈسڑی کے مقبول آرٹسٹ بھی ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہوئے اور سب کا دل لبھا گئے۔

ان فنکاروں میں آمنہ شیخ، انور مقصود، ثمینہ پیرزادہ، ماورہ حسین، شائستہ لودھی، انجلین ملک، ٹیپو شریف۔۔۔ اور دیگر مہان ہستیاں شامل تھیں۔

شوبزنس کے علاوہ فیشن اور آرٹ کی دنیا سے ڈاکٹر ہارون اور مونانقش کے ساتھ ساتھ اور بہت سی نامور شخصیات نظر آئیں۔

ماہ میر کی پوری کاسٹ نے بھی ریڈ کارپیٹ پر جلوے دکھائے۔ ان میں ایمان علی اور فہد مصطفیٰ پیش پیش تھے جبکہ منظر صہبائی، علی خان، صنم سعید بھی اُن کے ساتھ موجود تھے، جبکہ اس دوران باری باری سب نے میڈیا کے نمائندوں سے بھی گفتگو جاری رکھی۔

اس گفتگو میں سب نے فلم کے ہر پہلو کو سراہا۔ جن تین اہم چیزوں کے بارے میں سب نے مثبت انداز میں اپنے خیالات کا اظہار کیا وہ تھیں فلم کی عکس بندی، موسیقی اور کہانی۔

پریمیر شو دیکھنے والوں میں سے اکثریت کا خیال تھا کہ ایمان علی نے اس فلم کی خوبصورتی میں چار چاند لگادیئے۔ صنم سعید نے اپنے کیرئیر کی اب تک کی سب سے بہترین پرفارمنس دی ہے اور منظر صہبائی نے ڈاکٹر کریم کے کردار میں نہ صرف انتہائی جاندار اداکاری کی بلکہ ان کے ڈائیلاگز نے ہر سین کو یاد گاری بنادیا ہے۔

’ماہ میر‘ ہدایتکار انجم شہزاد کی کوششوں کا نتیجہ ہے جبکہ اسکرپٹ سرمد صہبائی کا لکھا ہوا اہے، جبکہ فلم کے پروڈیوسر خرم رانا، ساحر رشید اور بد اکرام ہیں۔

فلم کو پاکستان بھر میں ’ہم فلمز‘ اور’ ایور ریڈی گروپ آف کمپنیز‘ کے بینر تلے ریلیز کیا گیا ہے۔

فلم کی کہانی ایک نوجوان شاعر کے گرد گھومتی ہے جس کے حالات میر تقی میر کی زندگی سے مماثلت رکھتے ہیں۔ ’ماہ میر‘ کا خوب صورت میوزک دیا ہے شاہی حسن نے۔

فلم کا مرکزی کردار ادا کیا ہے فہد مصطفیٰ نے جو ان کی زندگی کا اب تک کا سب سے مشکل اور منفرد کردار ادا ہے۔

ایمان علی فلم کی ہیروئن ہیں، جبکہ باقی فنکاروں میں شامل ہیں منظر صہبائی، صنم سعید اور علی خان۔

XS
SM
MD
LG