رسائی کے لنکس

منٹو کے بعد میر کی باری، ’ماہ میر‘ نومبر میں ریلیز ہوگی


فلم اردو کے کلاسک شاعر میر تقی میر کی زندگی کے مختلف گوشوں کو بے نقاب کرتی دکھائی دے گی۔ فلم میں میر کا کردار معروف اداکار فہد مصطفی نے نبھایا ہے۔

پاکستان میں کمرشل فلموں کے ساتھ ساتھ عام ڈگر سے ہٹ کر فلمیں بنانے کا رجحان تازہ ہوا کے خوشگوار جھونکے سے کم نہیں۔ ممتاز رائٹرسعادت حسن منٹو کی زندگی پر بنائی گئی مصالحہ فارمولے سے ہٹ کر فلم ”منٹو“ کی کامیابی نے ثابت کیا ہے کہ لوگ ایسی فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں۔

نومبرکے وسط میں ریلیز ہونے والی فلم ”ماہ میر“ کا موضوع بھی معمول کے موضوعات سے ہٹ کر ہے۔ یہ فلم اردو کے کلاسک شاعر میر تقی میر کی زندگی کے مختلف گوشوں کو بے نقاب کرتی دکھائی دے گی۔ فلم میں میر کا کردار معروف اداکار فہد مصطفی نے نبھایا ہے۔

فلم لکھی ہے سرمد صہبائی نے جبکہ اسے ڈائریکٹ کیا ہے انجم شہزاد نے۔ فلم میں فہد مصطفی کے علاوہ ایمان علی، صنم سعید اور سرمد صہبائی نے بھی اہم کردارنبھائے ہیں۔

'ماہ میر' کا ٹریلر گزشتہ سال ریلیز کردیا گیا تھا۔ فلم کو رواں سال عید اور بقرعید کے درمیان ریلیز کیا جانا تھا لیکن اس کی ریلیز میں جان بوجھ کر تاخیرکی گئی۔

نجی چینل ’ڈان نیوز ‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں فہدمصطفی نے بتایا کہ ماہ میر کیونکہ ایک مختلف مزاج اورماحول کی فلم ہے اس لئے اسے ایسے وقت میں ریلیز کرنا ہی مناسب تھا جب بہت زیادہ کمرشل فلمیں ریلیز نہ ہورہی ہوں۔

ان کے بقول، ”اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ فلمیں زیادہ بن رہی ہیں اور سینماوٴں کی تعداد کم ہے۔ لہذا اگر ماہ میر کو دیگر فلموں کے ساتھ ریلیز کیا جاتا تو شاید اسے وہ توجہ نہ مل پاتی جس کی یہ فلم حق دار ہے۔“

XS
SM
MD
LG