رسائی کے لنکس

فلم ’ماہ میر‘ ریلیز کے قریب


میر تقی میر کی زندگی پر بننے والی فلم ’ماہ میر‘ میں باصلاحیت اداکار فہد مصطفیٰ نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ وہ اس مرتبہ اپنے پچھلے کرداروں سے بالکل ہٹ کر ایک منفرد کردار میں نظر آئیں گے

ازسرنو بحال ہوتی ہوئی پاکستانی فلمی صنعت میں ان دنوں مشہور ہستیوں کی زندگی پر مبنی فلمیں بنانے کا رجحان زور پکڑ رہا ہے، حالانکہ اب سے کچھ عرصہ قبل تک اس کا تصور بھی محال تھا۔

اس کی سب سے بڑی مثال اردو ادب کے مشہور مصنف سعادت حسن منٹو کی زندگی پربنائی گئی فلم ’منٹو‘ ہے، جو 11 ستمبر کو ریلیز ہوگی جبکہ دوسری مثال ’ماہ میر‘ ہے، جس کی نمائش نومبر میں متوقع ہے۔

اردو کے کلاسیکی شاعر، میرتقی میر کی زندگی کے اتارچڑھاوٴ پر بنائی گئی فلم ’ماہ میر‘ میں باصلاحیت اداکار فہد مصطفیٰ نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ وہ اس مرتبہ اپنے پچھلے کرداروں سے بالکل ہٹ کر ایک منفرد کردار میں نظر آئیں گے۔

انگریزی اخبار ’ٹری بیون‘ کی ایک خبر کے مطابق، ’ماہ میر‘ کے پروڈیوسر بدر اکرام کا کہنا ہے کہ فلم کی ریلیز اکتوبر کے پہلے ہفتے میں متوقع تھی۔ تاہم ابھی کوئی حتمی تاریخ طے نہیں کی۔

فلم میکرز ’ماہ میر‘6 نومبر کو ریلیز کرنا چاہتے ہیں، تاکہ ویک اینڈ کے ساتھ پیر کو اقبال ڈے کی چھٹی کا بھی فائدہ اٹھایا جاسکے، کیوں کہ عام تعطیل پر لوگوں کی بڑی تعداد سینما گھروں کا رخ کرتی ہے۔

فہد مصطفیٰ کے علاوہ فلم کی کاسٹ میں صنم سعید، ایمان علی،منظر صہبائی اور علی خان شامل ہیں۔

ڈائریکٹر انجم شہزاد نے فلم میں ایمان علی کی ایکٹنگ کو سراہتے ہوئے اسے ایمان علی کے اب تک کے کیرئیر کی یادگار پرفارمنس قرار دیا ہے۔

XS
SM
MD
LG