رسائی کے لنکس

بریانا ٹیلر ہلاکت کیس: شہری انتظامیہ متاثرہ خاندان کو 12 ملین ڈالر دے گی


پولیس نے سیاہ فام خاتون بریانا ٹیلر کو اس کے اپارتمنٹ میں گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
پولیس نے سیاہ فام خاتون بریانا ٹیلر کو اس کے اپارتمنٹ میں گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

امریکی ریاست کنٹیکی کے شہر لوئی ول کی انتظامیہ ایک سیاہ فام خاتون بریانا ٹیلر کی پولیس کے چھاپے میں ہلاکت کے واقعہ پر متاثرہ خاندان کو ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالر ادا کرنے پر تیار ہو گئی ہے۔

بریانا کو اس سال مارچ میں پولیس اہلکاروں نے منشیات فروشوں کی تلاش کے دوران غلطی سے ان کے اپارٹمنٹ میں گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

لوئی ول کی انتظامیہ نے 12 ملین ڈالر کے ادائیگی پر اتفاق بریانا کے خاندان کی جانب سے اس ہلاکت کے خلاف دائر مقدمے میں عدالت سے باہر کیا۔

لوئی ول کے تفتیش کار 26 سالہ بریانا ٹیلر کو اس کے گھر میں متعدد گولیاں مارنے کے واقعہ کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں اور ابھی اس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا ہے کہ اس واقعہ کے ذمہ دار تین پولیس اہل کاروں پر فوجداری مقدمہ چلایا جانا چاہیے یا نہیں۔ ان میں سے ایک اہل کار کو پہلے ہی برطرف کیا جا چکا ہے اور اس نے اپنی برطرفی کے خلاف عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔

لوئی ول میں ایک بل بورڈ پر بریانا ٹیلر کی تصویر نمایاں ہے۔
لوئی ول میں ایک بل بورڈ پر بریانا ٹیلر کی تصویر نمایاں ہے۔

بریانا ٹیلر کے واقعہ نے فوراً ہی ملک بھر میں لوگوں کو توجہ حاصل کر لی اور نسل کی بنیاد پر پولیس کے رویے کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے شروع ہو گئے۔ ان مظاہروں میں شدت اس وقت آئی جب مئی کے آخر میں ریاست منی سوٹا کے شہر منی ایپلس میں پولیس کی تحویل میں ایک سیاہ فام شخص جارج فلائیڈ ہلاک ہو گیا تھا۔

بعض مظاہرے پرتشدد بھی ہو گئے جس سے شہری املاک کو نقصان پہنچا اور ریاستی حکومتوں کو تشدد پر قابو پانے کے لیے وفاقی سیکیورٹی دستے تعینات کرنے پڑے۔ اس دوران کئی گرفتاریاں بھی ہوئیں۔

جلد ہی ٹیلر کا نام قومی سطح پر بحث مباحثوں کا موضوع بن گیا اور یہاں تک کہ کرونا وائرس سے بچنے کے لیے ایسے ماسک بھی مارکیٹ میں آ گئے جن پر ٹیلر کا نام چھپا ہوا تھا۔

نسلی امتیاز کے خلاف فرینکفرٹ میں ہونے والے ایک مظاہرے میں بریانا ٹیلر کے بینر لہرائے گیے۔ 20 جون 2020
نسلی امتیاز کے خلاف فرینکفرٹ میں ہونے والے ایک مظاہرے میں بریانا ٹیلر کے بینر لہرائے گیے۔ 20 جون 2020

لوئی ول کی انتطامیہ نے بریانا ٹیلر کے خاندان کے ساتھ سمجھوتے کے ایک حصے کے طور پر متعدد پولیس اصلاحات پر بھی اتفاق کیا ہے، جس میں پولیس سے وارنٹ کے بغیر چھاپہ مارنے کا اختیار واپس لینا شامل ہے۔ پولیس اس اختیار کا استعمال منشیات فروشوں کے خلاف کرتی ہے تاکہ وہ شواہد ضائع نہ کر سکیں۔

لوئی ول کے میئر گریگ فشر نے ٹیلر کیس کے سلسلے میں پولیس کے سابق سربراہ سٹیو کارنلڈ کو جون میں برطرف کر دیا تھا۔

ٹیلر کے خاندان کی جانب سے وکیل لوٹیانا بیکر نے کہا ہے کہ وہ ریاستی اور وفاقی عہدے داروں پر اس مقدمے کی تفتیش اور شواہد جیوری کے سامنے پیش کرنے کے لیے دباؤ ڈالتے رہیں گے تاکہ اس واقعہ میں ملوث پولیس اہل کاروں پر فوجداری مقدمات قائم کیے جا سکیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وہ منشیات فروشوں کی تلاش میں تھی۔ انہوں نے خود پر فائرنگ کے جواب میں گولیاں چلائیں تھیں، جس کا نشانہ ٹیلر بن گئی۔ پولیس کو ٹیلر کے اپارٹمنٹ کی تلاشی کے دوران وہاں سے کسی قسم کی کوئی نشہ آور چیز نہیں ملی تھی۔

XS
SM
MD
LG