رسائی کے لنکس

امریکہ: پولیس کی فائرنگ سے سیاہ فام شخص شدید زخمی، وسکونسن میں احتجاج


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کی ریاست وسکونسن میں پولیس کی جانب سے ایک سیاہ فام شخص کو گولی مارنے کے واقعے کے خلاف لوگوں نے احتجاج کیا ہے۔ فائرنگ کا نشانہ بننے والا شخص شدید زخمی حالت میں ایک مقامی اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔

واقعہ اتوار کی دوپہر وسکونسن کے شہر کینوشا میں پیش آیا جس کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔ ویڈیو میں سفید رنگ کی شرٹ میں ملبوس ایک شخص آگے آگے چل رہا ہے جس کے پیچھے تین پولیس اہلکار بندوقیں تھامے آ رہے ہیں۔

مذکورہ شخص ایک گاڑی کا دروازہ کھول کر اندر گھسنے کی کوشش کرتا ہے تو ایک پولیس اہلکار اسے شرٹ سے پکڑ کر کھینچتا ہے اور اس پر فائرنگ کرتا نظر آتا ہے۔

ویڈیو میں سات فائر ہونے کی آواز ہے۔ لیکن ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آیا گولیاں ایک ہی اہلکار نے چلائیں یا باقیوں نے بھی فائرنگ کی۔ یہ بھی واضح نہیں ہو سکا ہے کہ پولیس اہلکار اس شخص کا پیچھا کیوں کر رہے تھے اور انہوں نے اس پر فائرنگ کیوں کی۔

کینوشا کے پولیس ڈپارٹمنٹ نے واقعے سے متعلق ایک بیان جاری کیا ہے لیکن اس میں واقعے کی مکمل تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ صرف یہ بتایا گیا ہے کہ ایک شخص کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے اور ریاست وسکونسن کا محکمۂ انصاف فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کرے گا۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو کینوشا میں احتجاج شروع ہو گیا۔ حکام نے احتجاجی مظاہروں کے پیشِ نظر رات کا کرفیو عائد کر دیا۔ البتہ مظاہرین نے کینوشا کے پولیس اسٹیشن کی طرف مارچ کیا۔

پولیس نے لوگوں کو عمارت سے دور رکھنے کے لیے پلاسٹک شیلڈز اور لاٹھیوں کا بھی استعمال کیا۔

خیال رہے کہ فائرنگ کا یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امریکہ میں مئی میں پولیس تحویل کے دوران سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کی ہلاکت پر شہریوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

امریکہ میں 'بلیک لائیوز میٹر' نامی تحریک بھی چل رہی ہے اور صدارتی انتخابات 2020 بھی قریب ہیں جب کہ پولیس کی فنڈنگ اور اختیارات کم کرنے کے مطالبات بھی زور پکڑ رہے ہیں۔

ریاست وسکونسن کے گورنر ٹونی ایورس نے اپنے بیان میں فائرنگ میں زخمی ہونے والے سیاہ فام شخص اور اس کی فیملی کی حمایت کی ہے۔

ایورس نے کہا کہ ابھی ہمیں واقعے سے متعلق تمام تفصیلات معلوم نہیں ہیں۔ لیکن یہ معلوم ہے کہ یہ پہلا سیاہ فام یا عام شخص نہیں تھا جو ہمارے ملک اور ہماری ریاست میں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے ہاتھوں بے رحمانہ طریقے سے مارا گیا ہو یا پھر زخمی ہوا ہو۔

ریاستی گورنر نے کہا کہ ہم ان لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں جو عدل و انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں اور ہمارے ملک میں سیاہ فاموں کی جانوں کا حساب مانگ رہے ہیں۔ ان جانوں کا جو جارج فلائیڈ، بریونا ٹیلر، ٹونی رابنسن، ڈونٹرے ہیملٹن اور دیگر کی صورتوں میں گئیں۔

ٹونی ایورس نے کہا کہ ہم طاقت کے حد سے زیادہ استعمال اور وسکونسن کے سیاہ فام رہائشیوں سے معاملات کے دوران سخت رویہ اپنانے کے خلاف کھڑے رہیں گے۔

XS
SM
MD
LG