رسائی کے لنکس

سیاہ فام کمیونٹی کی حمایت میں سوشل میڈیا کا 'یومِ سیاہ'


دنیا بھر میں منگل کو سیاہ فام کمیونٹی سے اظہار یکجہتی کے لیے 'بلیک آؤٹ ٹیوزڈے' منایا گیا۔

اس دوران، انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والوں نے ہر نئی ریلیز روک لی، جارج فلائیڈ، احمد آربیری اور بریونا ٹیلر کی موت پر بطور احتجاج سوشل میڈیا پر سیاہ اسکوائر پوسٹ کیا یا خاموشی اختیار کی۔

اگرچہ 2 جون کو یہ دن منانے کا اعلان گلوکاروں اور موسیقاروں نے کیا تھا، لیکن اس میں دوسرے فنکار بھی شامل ہوگئے اور مین اسٹریم اور سوشل میڈیا نے بھی اس کی حمایت کی۔ بعض فن کاروں نے اسے منانے کے طریقے پر تنقید بھی کی جن کا خیال تھا کہ خاموش ہوجانے کے بجائے نسلی تعصب کے بارے میں بول کر شعور اجاگر کرنا چاہیے۔

بیشتر لوگوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر سیاہ اسکوائر کے ساتھ کچھ نہیں لکھا تھا۔ لیکن بعض نے دا شو مسٹ بی پوز کا ہیش ٹیگ استعمال کیا۔ اس مہم میں حصہ لینے والوں میں ریہانا، اولیشیا کیز، ریڈیوہیڈ، کولڈپلے، کیلی رولینڈ، بیسٹی بوائز اور کئی دوسرے سیلی بریٹیز شامل تھے۔

برٹنی اسپئیرز نے انسٹاگرام پر لکھا کہ میں سوشل میڈیا پر کچھ پوسٹ نہیں کروں گی اور آپ سے بھی کہوں گی کہ ایسا ہی کریں۔ ہم اس وقت کو اپنی ڈیوائسز سے دور رہ کر اس بات پر توجہ دینی چاہیے کہ دنیا کو بہتر بنانے کے لیے ہم سب کیا کرسکتے ہیں۔

اسٹریمنگ سروس اسپاٹیفی نے اپنی کئی مقبول پلے لسٹس کو معطل کیا جن میں ریپ کیوئیر اور ٹوڈیز ٹاپ ہٹس شامل تھیں۔ اس کے بجائے ڈسکرپشن میں صرف بلیک لائیوز میٹرز یعنی سیاہ فاموں کی زندگیاں اہمیت رکھتی ہیں لکھا اور اسی عنوان سے پلے لسٹ فرنٹ پیج پر نمایاں کردی۔ ان میں جیمز براؤن کا گانا 'سے اٹ لاؤڈ، آؕئی ایم بلیک اینڈ آؕئی ایم پراؤڈ' اور دوسرے گیت شامل ہیں۔

ایپل میوزک اور آئی ٹیونز کے صفحہ اول پر بھی بلیک لائیوز میٹر تحریک کی حمایت کی گئی ہے۔ سیریس ایکس ایم نے نسلی تعصب کا نشانہ بننے والے ان گنت مظلوموں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سہہ پہر تین بچے اپنے میوزک چینل تین منٹ کے لیے خاموش رکھے۔

کمپنی نے کہا کہ وہ سیاہ فاموں کی آواز کو بلند کرنے کے لیے انھیں مواقع فراہم اور ان کا فن اور موسیقی پیش کرتی رہے گی، جبکہ اس کا پیغام ہوگا کہ نسلی امتیاز کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر کچھ لوگوں نے تنقید کی کہ سیاہ اسکوائر پوسٹ کرنے سے بلیک لائیوز میٹر تحریک سے توجہ دوسری طرف جاسکتی ہے۔

جب موسیقار ڈلون فرانسس نے بلیک لائیو میٹرز کے ہیش ٹیگ کے ساتھ بلینک پوسٹ کی تو ریپر لل نیس ایکس نے اس پر تبصرہ کیا کہ اس سے ہمیں کوئی فائدہ نہیں ہورہا۔ بھائی یہ کس کا آئیڈیا تھا؟ لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ اس وقت ہو کیا رہا ہے؟

بلیک آؤٹ ٹیوزڈے کا اعلان ہونے کے بعد متعدد ایونٹس اور گانوں کی ریلیز روک دی گئی تھی۔ انٹراسکوپ اے اینڈ ایم ریکارڈز نے کہا کہ وہ اس ہفتے موسیقی ریلیز نہیں کرے گا۔ دوسری کمپنیوں اور فنکاروں نے بھی یہی فیصلہ کیا۔

XS
SM
MD
LG