یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں لیٹر بم لیجانے والے دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ یہ خطوط فرانس کے صدر نیکولس سرکوزی اور ایتھنز میں موجود مغربی سفارت خانوں کو بھیجے جانے تھے۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ جس شخص سے یہ خط برآمد ہوئے اس پر شک ہے کہ وہ یونان کی بائیں بازوکی گوریلا تنظیم سے تعلق رکھتا ہے۔ پولیس ترجمان نے برطانوی خبر رساں ادارے سے گفتگو میں کہا کہ حکام کو اس بات پر یقین نہیں کہ گرفتار شخص کا تعلق القاعدہ سے ہوسکتا ہے۔
خطو ط کی ترسیل کرنے والی ایک نجی کمپنی کی خاتون ملازمہ لیٹر بم سے معمولی طور پر زخمی ہوگئی۔ یہ خط میکسکو کے سفارت خانے کوروانہ کیا جانا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے مزیدایک لیٹر بم لیجانے والے شخص کو حراست میں لے لیا ہے ۔ یہ لیٹر فرانس کے صدر نکولس سرکوزی کے نام تھا۔ دریں اثناء بلجیم کے سفارت خانے کو لکھے گئے ایک اور لیٹر بم کو برآمد کیا گیا ہے۔ چوتھا بم ڈچ سفارت خانے کے نام لکھا گیا تھا جو ترسیل سے قبل ہی پکڑا گیا۔
گرفتار افراد کی عمریں بائیس سے 24 سال کے درمیان بتا ئی جاتی ہیں۔ ڈچ سفارت خانے نے خبر کی تصدیقکرتے ہوئے کہا ہے کہ خط بھیجنے کا مقصد سفارت خانے کو نشانہ بنانا تھا۔