رسائی کے لنکس

بھارت اور چین کا پانچ برس بعد براہِ راست مسافر پروازیں بحال کرنے پر اتفاق


فائل فوٹو
فائل فوٹو
  • بھارت اور چین کے درمیان لگ بھگ پانچ برس بعد ایک بار پھر براہِ راست پروازیں بحال کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔
  • چین کے وزیرِ خارجہ وانگ یی اور بھارت کے سیکریٹری خارجہ وکرم مسری کے درمیان پیر کو بیجنگ میں ملاقات ہوئی۔
  • دونوں ملکوں نے پروازوں کی بحالی کے لیے فریم ورک پر فوری بات چیت شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے: بھارتی وزارتِ خارجہ

ویب ڈیسک — بھارت اور چین کے درمیان لگ بھگ پانچ برس بعد ایک بار پھر براہِ راست پروازوں کی بحالی پر اتفاق ہو گیاہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق چین کے وزیرِ خارجہ وانگ یی اور بھارت کے سیکریٹری خارجہ وکرم مسری کے درمیان پیر کو بیجنگ میں ملاقات ہوئی تھی جس کے بعد بھارت کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دونوں ملکوں نے براہِ راست پروازوں کی بحالی کے لیے فریم ورک کے قیام پر فوری طور پر بات چیت شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

بھارت کا کہنا ہے کہ وہ چین کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی مسائل پر اختلافات حل کرنے پر کام کر رہا ہے۔

چین اور بھارت میں لگ بھگ پانچ سال قبل کشیدگی میں اس وقت اضافہ ہوا تھا جب 2020 میں دونوں ملکوں کی فورسز کے درمیان سرحد پر جھڑپیں ہوئی تھیں۔ ان جھڑپوں میں بھارت کے 20 جب کہ چین کے چار فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

اس کشیدگی کے بعد بھارت نے چین کے لیے مسافر پروازوں کے لیے براہِ راست روٹ ختم کر دیے تھے۔ البتہ کارگو جہازوں کو براہِ راست جانے کی اجازت برقرار رکھی تھی۔

چین کی وزارتِ خارجہ نے بھی منگل کو تصدیق کی ہے کہ دونوں ملکوں میں براہِ راست مسافر پروازیں بحال ہو جائیں گی۔

چینی وزارتِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ خارجہ وانگ یی نے وکرم مسری کو کہا کہ بیجنگ اور نئی دہلی کو شکوک اور اجنبیت کے بجائے باہمی تعاون و کامیابی پر اتفاق کرنا چاہیے۔

بھارت کی وزارتِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں اقتصادی اور تجارتی خدشات کو زیرِ بحث لایا گیا جب کہ ان مسائل کو حل کرنے اور شفافیت پر مبنی طویل المدتی پالیسی پر بات چیت کی گئی۔

وزارتِ خارجہ نے مزید اس حوالے سے کسی قسم کی تفصیلات نہیں بتائیں۔

’رائٹرز‘ کے مطابق چین اور بھارت کے درمیان گزشتہ مالی سال میں تجارت میں چار فی صد اضافہ ہوا تھا جس کے بعد اس کا حجم 118 ارب 40 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ البتہ اس میں زیادہ تر بھارت نے چین سے مختلف مصنوعات درآمد کی ہیں۔

چین اور بھارت نے گزشتہ برس اکتوبر میں سرحدی کشیدگی کم کرنے پر اتفاق کیا تھا اور دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات میں بھی بہتری آنا شروع ہوئی تھی۔ جب کہ بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کی چینی صدر شی جن پنگ سے روس میں ملاقات بھی ہوئی تھی۔

اس رپورٹ میں خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ سے معلومات شامل کی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG