رسائی کے لنکس

ڈرون حملوں میں دو پاکستانی شدت پسند کمانڈر ہلاک


فائل
فائل

کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا سرکردہ کمانڈر عمر رحمان فاتح ساتھیوں سمیت سرحد پار افغانستان میں ہونے والے امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق، بعدازاں پاک افغان سرحد کے قریب شمالی وزیرستان کے علاقے تورتنگی میں ایک اور ڈرون حملے میں طالبان کا اہم کمانڈر عبداللہ داوڑ ہلاک جب کہ اُن کا محافظ زخمی ہوگیا۔ اُن کا تعلق حافظ گل بہادر گروپ سے ہے، جو کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی مختلف سرگرمیوں مین ملوث رہا ہے۔

سرحد پار افغانستان سےملنے والی اطلاعات کے مطابق عمر رحمان المعروف فاتح ساتھیوں سمیت افغانستان کے سرحدی صوبے کنڑ کے گاؤں کام بازاری میں احمد واتی کے گھر پر موجود تھا جب ان کو منگل کے روز امریکی ڈرون طیارے کے ذریعے دو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ میزائل حملے کے نتیجے میں عمر رحمان ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا۔

کابل میں بدھ کے روز وزارت دفاع کے ترجمان نے پاکستانی شدت پسند کمانڈر کے ساتھیوں سمیت امریکی ڈرون حملے میں مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔ تاہم، ترجمان نے عمر رحمان کے دیگر ساتھیوں کی تعداد اور شناخت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔

لگ بھگ تین ہفتوں کے دوران عمر رحمان فاتح دوسرا بڑا خطرناک پاکستانی شدت پسند ہے جس کو ساتھیوں سمیت امریکی ڈرون نے نشانہ بنایا۔

ذرائع کے مطابق، شمالی وزیرستان میں دوسرے ڈرون حملے میں اپنے گارڈ کے ہمراہ، کمانڈر عبداللہ داوڑ تورنگی کے قریب پیدل جارہے تھے جب ڈرون طیاروں نے دو میزائل فائر کیے، جس کے نتیجے میں وہ موقعے پر ہی ہلاک ہوگیا، جب کہ اُن کا ساتھی زخمی ہوا۔

ادھر، مقامی لوگوں کے مطابق، میزائل لگنے کے بعد، مدد کے لیے طالبان وہاں پہنچے اور ہلاک و زخمی ساتھیوں کو نامعلوم مقام کی جانب منتقل کیا۔

پچھلے مہینے 13 اور 14 جون کی درمیانی شب کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ ملا فضل اللہ کو بھی افغانستان کے اسی سرحدی صوبے میں امریکی ڈرون حملے میں مارا گیا تھا۔

ملا فضل اللہ کے مرنے کے بعد عمر رحمان کو تحریک طالبان کا عارضی سربراہ بنادیا گیا تھا۔ تاہم، چند روز قبل جنوبی وزیرستان کے محسود قبیلے سے تعلق رکھنے والے شدت پسند نور ولی کو تحریک کے مستقل سربراہ کے طور پر نامزد کیا گیا۔

ماضی میں بھی پاکستانی شدت پسندوں کی ایک بڑی تعداد بالخصوص کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے زیادہ تر سربراہوں کو امریکی ڈرون طیاروں کے حملوں میں مارا جا چکا ہے۔

XS
SM
MD
LG