پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نیب قانون اور عدلیہ کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی، تو اُن کی جماعت ایک بار پھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دھرنا دے گی.
سندھ کے ضلع گھوٹکی کے شہر اوباڑو میں بڑے جلسہ عام سے خطاب میں عمران خان نے کہا ہے کہ اگر عدلیہ اور قومی احتساب بیورو کو کمزور کرنے کی کوئی بھی کوشش کی گئی، تو وہ خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ بقول اُن کے، ''ایسی صورت میں، سارا پاکستان اسلام آباد پہنچے گا اور ہم تب تک بیٹھے رہیں گے جب تک کرپٹ ٹولے سے ملک کو نجات نہیں دلاتے۔"
عمران خان نے مزید کہا کہ "مسلم لیگ ن کو سیدھا پیغام دے رہا ہوں؛ اگر زرداری اور نواز شریف کو بچانے کے لیے نیب قانون بنانے کی کوشش کی یا عدلیہ کو کمزور کرنے کے لیے ججوں کی عمر کی حد کم کرنے کی کوشش کی تو اسلام آباد میں دھرنا دے کر بیٹھ جاؤں گا"۔
عمران خان اپنے سیاسی حریف سابق وزیر اعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری پر ایک بار پھر برسے اور سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے ان دونوں سیاسی رہنماوں کو 'گاڈ فادر' قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ دونوں نے کرپشن سے لڑنے کے بجائے اس کا تحفظ کیا۔
عمران خان نے الزام عائد کیا کہ نواز شریف کے اربوں روپے ملک سےباہر پڑے ہوئے ہیں جب کہ آصف زرداری نے درجنوں شوگر ملز پر قبضہ کیا ہوا ہے۔ ان لوگوں کا علاج باہر ملکوں میں ہوتا ہے، جبکہ پاکستان میں غریبوں کے علاج کے لئے سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ لیکن، حکمرانوں کو ملک کے اسپتالوں کا حال تک معلوم نہیں۔ وہ قطعی طور پر پاکستان میں اسپتالوں کی ابتر صورتحال سے ناواقف ہیں''۔
سندھ میں صحت کی بُری صورتحال پر مزید بات کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جب سیہون میں دھماکے ہوئے تو زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات نہیں دی گئیں، لوگ سڑکوں پر مرتے رہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ''ملک میں سب سے زیادہ ظلم سندھ میں ہو رہا ہے۔ کرپشن نے سندھ کے لوگوں کا خون چوس لیا ہے۔ لیکن، اب سندھ کےلوگ جاگ گئے ہیں''۔
عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ''کوئی غلط فہمی میں نہ رہے۔ کسی کو اب 'این آر او' نہیں ملے گا۔ مشرف نے نواز شریف اور زرداری کو این آر او دیا تھا۔ لیکن، اب قوم این آر او قبول نہیں کرے گی''۔
انھوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ کرپشن کرنے والوں کا سوشل بائیکاٹ کیا جائے تاکہ وہ تنہا ہوں۔ عمران خان نے کہا کہ "اگلے 5 سال زرداری کو سندھ کے لوگوں پر ظلم نہیں کرنے دیں گے۔"
عمران خان نے گزشتہ ایک ہفتے میں جنوبی پنجاب اور شمالی سندھ میں چار بڑے جلسے کئے ہیں۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے اگلے انتخابات کے لئے ابھی سے بھرپور مہم شروع کردی ہے اور ان کی جماعت کا سارا زور پنجاب اور سندھ سے آئندہ انتخابات میں زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے پر ہے۔