رسائی کے لنکس

واحد ایجنڈا انصاف بصورت قصاص ہے، ڈاکٹر طاہر القادری


پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سانحه ماڈل ٹاؤن پر جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ پبلک کی جائے اس میں قاتلوں کے نام اور پتے درج ہیں۔

سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری منگل کی صبح پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میرا پاکستان آمد کا واحد مقصد انصاف بصورت قصاص ہے۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ قطر ایئرلائنز کی ایک فلائٹ پر آج 8 اگست کو لاهور پہنچ رہے ہیں ۔ ناروے کے شہر اوسلو سے پاکستان کے لیے روانگی سے پہلے ایئرپورٹ پر عوامی تحریک کی مقامی تنظیم کے عہدیدار وں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ شہباز شریف نے 14 بے گناہوں کے قتل کا حساب دینا ہے۔ پاکستان میں میری آمد کا واحد ایجنڈا انصاف بصورت قصاص ہے۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سانحه ماڈل ٹاؤن پر جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ پبلک کی جائے اس میں قاتلوں کے نام اور پتے درج ہیں۔ انہوں نے وزیرا علٰی پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے 14 بے گناہوں کے قتل کا حساب دینا ہے۔ اس کی تیاری کرو۔ 3سال قانونی جنگ میں گذر گئے قدم قدم پر شہباز حکومت نے انصاف کا راستہ روکا ۔بڑا بھائی اللہ کی گرفت میں آ گیا چھوٹے کو پکڑ کر قانون کے حوالے کریں گے۔

گذشتہ روز اوسلو ائیر پورٹ پر مقامی تنظیم کے عہدیدار وں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ نواز شریف کا کبھی بھی جمہوریت سے کچھ لینا دینا نہیں رہا۔ ان کی جمہوریت یہ ہے کہ ان کے ماورائے قانون اقدامات پر ادارے آنکھیں بند رکھیں۔ انہوں نے ساری عمر آئین، قانون، عدالتی فیصلوں کا مذاق اڑایا ہے۔ طاہرالقادری نے کہا کہ عدلیہ بحالی کا کریڈٹ لینے والے اس کے منصفانہ فیصلوں کو مانیں۔

سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ’’ گو نواز گو‘‘ہو گیا۔ اب’’ گو شہباز گو‘‘ہو گا اس کے لئے ان کے کارکن پوری طرح تیار ہیں۔

پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نور اللہ صدیقی نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے سات بجے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچیں گے جہاں وہ ریلی کی شکل میں ناصر باغ جائیں گے اور جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ ناصر باغ جلسہ میں دیگر اپوزیشن جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے طاہرالقادری کی آمد کو خوش آمدید کہا ہے۔ ترجمان پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ عام کرنا ہو گی اور ان کی جماعت عوامی تحریک کے اس مطالبے انصاف کے حصول کے لیے ان کی حمایت کرتی ہے۔

صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ کہتے ہیں طاہرالقادری کا کوئی ایجنڈا نہیں۔ وہ صرف کسی کے ایما پر ایسا کر رہے ہیں۔ رانا ثنااللہ نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دے گی۔

XS
SM
MD
LG