رسائی کے لنکس

فلوریڈا: خلیجی ساحل طوفان کی لپیٹ میں آ گیا، اتوار تک خطرہ برقرار


موسمیات کےماہرین نے امریکی خلیج کے ساحلی علاقے میں منطقہ حارہ جیسے سمندری طوفان جاری رہنے اور جھکڑ چلنے کی پیش گوئی کی ہے، جب کہ تیز بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کی خبر کے مطابق، سمندری طوفان کی پیش گوئی کرنے والے مرکز نے بتایا ہے کہ میکسیکو کے مشرقی ساحل پر کم دباؤ کا نظام فلوریڈا کا رخ کرنے والا ہے، جس نے جمعے کے روز موسمیاتی طوفان کا روپ دھار لیا تھا۔

ماہرین نے بتایا ہے کہ لوزیانا کے جنوب مشرق میں طوفان کے آثار نمایاں ہیں، جس نے شمالی گلف کوسٹ سے لے کر الاباما مسی سیپی اس سے آگے فلوریڈا کے ینکی ٹاؤن کا رخ کر رکھا ہے۔

موسمیاتی ماہرین نے، فلوریڈا کے خلیجی ساحل سے طوفان کے شدت اختیار کرنے کا انتباہ کرتے ہوئے، کہا ہے کہ انڈین پاس سے ہوتے ہوئے طوفان کلیرواٹر بیچ کی جانب بڑھ رہا ہے اور زور پکڑتا جا رہا ہے۔

موسم کا یہ سلسلہ جو ’نیسٹر‘ نامی ٹراپیکل اسٹورم میں بدل سکتا ہے، پہلے ہی سے 40 میل (65 کلومیٹر) فی گھنٹہ کی رفتار سے جاری ہے، جس کا رخ جمعرات کی صبح سے مسی سیپی دریا کے جنوب مغرب ہے۔

کل تک یہ طوفان ساحل سے 445 میل دور تھا۔ اس وقت وہ 12 میل (19 کلومیٹر) فی گھنٹہ کی رفتار سے جنوب مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے۔

طوفان کے نتیجے میں فلوریڈا میں تین انچ (7.6سینٹی میٹر) بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ الاباما، جارجیا اور شمالی فلوریڈا کے خشک علاقے طوفان کی زد میں آ سکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق، طوفان باد و باراں کا یہ سلسلہ اتوار کی صبح تک نارتھ کیرولینا میں جاری رہ سکتا ہے، جس کے بعد اس کا رخ پھر سے آبی خطے کی جانب پلٹ جانے کی توقع ہے۔

XS
SM
MD
LG