سال دوہزار دس اب چند گھنٹے کا مہمان ہے ،پھر یہ تاریخ کا حصہ بن جائے گااور اس کے ساتھ ہی وہ گیت اور موسیقی بھی اس کا ماضی بن جائیں گے جو اس سال ریلیز ہوئے اور جن کی شہرت یقینا دیر تک قائم رہے گی۔
ختم ہونے والے سال کی ایک عجیب بات یہ رہی کہ اس برس کسی بھی موسیقار کو سب سے برتر ہونے کا موقع نہیں مل سکا۔ پریتم چکرورتی ہوں یا وشال۔شیکھر، سب کو یکساں انداز میں سراہا گیا ۔رہی بات سنگر یا گلوکار کی تو اس سال جس سنگر کو ابھرنے اور خود کو دوسروں سے ممتاز ثابت کرنے کا موقع ملا وہ تھے راحت فتح علی خان!اس سال ان کے کئی گانے شہرت کی فہرست میں ٹاپ پر رہے۔
سال کے 10مشہور ترین گانے
بولی وڈ میں اس سال "منی بدنام ہوئی" جیسے آئٹم سانگ نے جہاں بے شمار جواں دلوں کی دھڑکنوں کو گرمایا وہیں رومینٹک گانے "دل تو بچہ ہے جی" اور" پی لوں"جیسے گانے بھی لوگوں میں زبردست پذیرائی کا سبب بنے۔ اسی طرح صوفیانہ موسیقی کی دھنوں میں لپٹاگیت" سجدہ "بھی میوزک لورز کے دلوں میں گھر کرگیا۔
'دل تو بچہ ہے جی'
فلم 'عشقیہ'کا گانا'دل تو بچہ ہے جی'سال کے ابتدائی مہینوں میں ریلیز ہوا ۔ یہ رومینٹک گانا تھا سو اس کی موسیقی ہٹ تو ہونا ہی تھی۔ عموماً رومینٹک گانے ہٹ ہوجاتے ہیں مگر ہر بار یہ فارمولا بھی کامیاب نہیں رہتا۔ خیر۔۔وشال بھردواج نے اس گانے کو کمپوز کیا تھا ۔ آواز کا جادو جگایا تھا راحت فتح علی خان نے جس نے سننے والوں کے دل جیت لئے۔ گانے میں سنگر کا کمال بھی نمایاں رہا اور میوزک کا بھی جیسا کہ اکثر راج کپور کے گانوں میں ہوا کرتا تھا۔
سجدہ
شنکر ،احسان ،لوئے کی خوب صورت کمپوزنگ سے سجا یہ گانا سننے والوں کو دم بخود کردیتا ہے۔رواں سال کی فلم 'مائی نیم از خان 'کی شہرت میں قدم بہ قدم چلتا ہوا یہ گانا شنکر مہادیون، ریچا شرما اور راحت فتح علی کی دلوں کو چھو لینے والی آوازوں میں گندھا ہے۔ یہ گا نا اپنی خوبصورت موسیقی، طبلاو ڈھولک کی تھاپ اوربہترین گلوکاروں کی وجہ سے اگلے کئی سال تک سننے والوں کے دلوں پر راج کرتا رہے گا۔
'آپ کا کیا ہوگا'
1981ء میں بنی امیتابھ بچن کی فلم "لا وارث" کے مشہور گانے "اپنی تو جیسے تیسے" کا یہ ری مکس سانگ ہے ۔شنکر، احسان، لوائے نے اس گانے میں اصل گانے کے کچھ اشعار بھی لئے ہیں جس کی وجہ سے یہ گانا اور زیادہ خوبصورت ہو گیا ہے۔اس گانے کو میکا سنگھ،سنیدھی چوہان اورساجد خان نے گایا ہے۔
'بن تیرے'
فلم 'آئی ہیٹ لو اسٹوریز 'کا گانا 'بن تیرے' کی کامیابی کا راز یہ ہے کہ اسے سننے والا اپنے دل کی آواز سمجھتا ہے۔ وشال دادلانی اور شیکھر روی جیانی کی دھنوں سے سنورا یہ گیت شفقت امانت علی اور سنیدھی چوہان کی سریلی آواز وں کا حسین امتزاجہے۔
'پی لوں'
'ونس اپون اے ٹائم ان ممبئی 'ویسے تو جرائم کے موضوع پر بننے والی تھریلر فلم ہے لیکن اسکا گانا 'پی لوں' اپنے صوفیانہ انداز کی وجہ سے منفرد انداز کا حامل ہے اور آج بھی مختلف ریڈیو چینلز پر یہ گانا چھایا ہواہے۔ پریتم چکرورتی کی موسیقی اور موہت چوہان کی آواز وں نے گانے کونئی روح پھونک دی ہے۔
'گل میٹھی میٹھی '
پنجابی طرز پر بننے والا گانا ہے جو بھارتی پنجاب کی ایک لوک داستان اور لوک فنکار توچی رائنا سے جڑاہے ۔ موسیقی دی ہے امیت تری ویدی نے ۔ یہ امیت تری ویدی ہی ہیں جنہوں نے فلم' ڈیو۔ ڈی 'اورفلم 'عائشہ 'کی موسیقی ترتیب دی تھی۔ اس کا نیا گانا ' گل میٹھی میٹھی 'رواں سال کے سرفہرست گانوں میں شامل ہے۔
'منی بدنام ہوئی'
'منی بدنام ہوئی 'یا بچ گئی اس کا تو پتہ نہیں لیکن یہ گانا بدنام ہوکر بھی بے انتہا مشہور ہوگیاہے ۔اسی گانے کو سال کا سب سے زیادہ سنا جانے والا گانا بھی کہا جاتا ہے۔ سلمان خان کی فلم' دبنگ' کی مشہوری میں اس گانے کا اسی فیصد کردار ہے۔ اس کی موسیقی ترتیب دی للیت پنڈت نے اور آواز دی ممتا شرمااور ایشوریانے۔
'تیرے مست مست دو نین'
راحت فتح علی کی مترنم آواز اس گانے کو فلم 'دبنگ 'میں "منی بدنام ہوئی" جیسے سپر ہٹ آئٹم سانگ کی موجودگی کے باوجود سامعین کی توجہ اپنی طرف کھینچنے میں کامیاب ہو گئی۔ یہ سراسر کمال ہے۔ گانے کی موسیقی ترتیب دی واجد اور ساجد نے جو آپس میں بھائی ہیں۔
'زور کا جھٹکا'
یہ شاہ رخ کا نیا پروگرام نہیں بلکہ فلاپ فلم "ایکشن ری پلے" کا مشہور گانا ہے جس کی موسیقی پریتم نے دی اور آوازیں ہیں دلیر مہندی، ریچا شرما اور ماسٹر سلیم کی۔ میوزک چارٹس میں ابھی تک اس گانے کی گونج ہے۔
'شیلا کی جوانی'
'شیلا کی جوانی 'کیا آئی کترینہ کیف پرکہ' منی بدنام ہوئی'کی شہرت پیچھے ہٹ گئی۔ فلم' تیس مار خان' سال کے آخر میں ریلیز ہوئی لیکن یہ گاناشاید کترینہ کے مختصر لباس کی وجہ سیشہرت پاگیا۔اس گانے کو گایا ہے سنیدھی چوہان نے اور موسیقی دی ہے وشال شیکھرنے۔