رسائی کے لنکس

2011 کا آغاز، دنیا بھر میں جشن، تقریبات


2011 کا آغاز، دنیا بھر میں جشن، تقریبات
2011 کا آغاز، دنیا بھر میں جشن، تقریبات

دنیا بھر میں نئے سال 2011 کا استقبال جشن منا کر کیا جارہا ہے۔ دنیا کے کئی بڑے شہروں میں نیو ایئر نائٹ کے حوالے سے خصوصی تقریبات منعقد ہوئیں اور آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

نئے سال کے استقبال کی پہلی بڑی تقریب نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں منعقد ہوئی جہاں سالِ نو کا استقبال کرنے کیلیے جمع ہونے والے ہزاروں تماشائیوں نے آتش بازی کا شاندار مظاہرہ دیکھا۔

آسٹریلیا میں سالِ نو کی سب سے بڑی تقریب سڈنی کے ہاربر برج پر منعقد ہوئی جہاں ایک اندازے کے مطابق 15 لاکھ سے زائد افراد سالِ نو کا جشن منانے اور آتش بازی کا سالانہ مظاہرہ دیکھنے جمع ہوئے۔

2011 کا آغاز، دنیا بھر میں جشن، تقریبات
2011 کا آغاز، دنیا بھر میں جشن، تقریبات

ہانک کانگ کی وکٹوریہ ہاربر اور تائیوان کے دارالحکومت تائی پے میں بھی ہزاروں کی تعداد میں سیاحوں اور مقامی افراد نے جشن مناتے ہوئے سالِ نو کا استقبال کیا ۔ اس موقع پر دونوں شہروں میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا جو کئی منٹوں تک جاری رہا۔

بعد ازاں جنوبی ایشیائی ممالک بشمول ہندوستان اور پاکستان میں بھی سالِ نو کی تقریبات منعقد ہوئیں۔

پاکستان کے کئی بڑے شہروں اور قصبوں میں نوجوانوں کی ٹولیاں موٹر سائیکلوں پر گشت کرتی رہیں۔ رات کے بارہ بجتے ہی کئی بڑے شہر ہوائی فائرنگ سے گونج اٹھے اور مختلف مقامات پر آتش بازی بھی کی گئی۔

کئی پاکستانی ٹی وی چینلز کی جانب سے نئے سال کی آمد پر خصوصی نشریات کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس میں سالِ نو کے دوران ملک میں امن و امان، اور قوم کی ترقی و خوشحالی کیلیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

چین ، روس، جاپان، مشرقِ وسطی ، مشرقِ بعید اور وسطِ ایشیا کے کئی ممالک میں بھی سالِ نو کے استقبال کی تقریبات منعقد ہوئیں اور عوام نے اجتماعی طور پر جشن مناتے ہوئے نئے سال کا استقبال کیا۔

لندن کے دریائے ٹیمز کے کنارے آتش بازی کا سالانہ مظاہرہ دیکھنے کیلیے ڈھائی لاکھ سے زیادہ لوگوں کی آمد متوقع ہے۔ برطانوی پارلیمنٹ کی عمارت کے ٹاور میں نصب "بگ بینگ کلاک" میں رات کے بارہ بجتے ہی آتش بازی کا آغاز ہوجائے گا۔

کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ بینی ڈکٹ روم کے سینٹ پیٹر چرچ میں نئے سال کے حوالے سے منعقدہ خصوصی دعائیہ تقریب میں شرکت کرینگے۔ پوپ اس موقع پر خطبہ دینے کے علاوہ خصوصی دعا بھی کرائینگے۔

نئے سال کے سلسلے میں ایک اہم اور نمایاں تقریب نیو یارک میں منعقد ہوگی جہاں حکام کے اندازے کے مطابق دس لاکھ سے زائد لوگ ٹائمز اسکوائر پہ جمع ہو کر سالِ نو کا استقبال کرینگے۔

XS
SM
MD
LG