رسائی کے لنکس

اے آر رحمٰن کے لیے ایک اور آسکر ایوارڈ؟


اے آر رحمٰن کے لیے ایک اور آسکر ایوارڈ؟
اے آر رحمٰن کے لیے ایک اور آسکر ایوارڈ؟

اے آر رحمٰن نے اس سال ہالی وڈ کی ایک فلم کے لیے بھی موسیقی ترتیب دی ہے

بھارت کے مایہ ناز موسیقار اے آر رحمٰن کو اس سال پھر ہالی وڈ کامیڈی فلم ’کپلس ری ٹریٹ’ کے ہٹ تمل نغمہ ’نہ نہ’ کے لیے 82 ویں اکیڈمی ایوارڈز کے لیے بہترین نغمے کے زمرے میں نامزدگی ملی ہے۔ حالانکہ اگلے ماہ دو فروری کو آسکر کے لیے حتمی نامزدگیوں کا اعلان کیا جائے گا مگر خود رحمٰن نے تصدیق کر دی ہے کہ اُن کے تمل گانے کو آسکر کی دوڑ میں شامل 62 نغموں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پیر کے روز ہی بھارت کے شہر چنئی میں رحمٰن نے ہالی وڈ فلم ’کپلز ری ٹریٹ‘ (Couple’s Retreat) کا میوزک البم ریلیز کیا ہے۔ اس البم کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے بول چار زبانوں میں لکھے گئے ہیں، تمل، ہندی، سنسکرت اور ہسپانوی۔

گذشتہ سال برطانوی فلم ساز ڈینی بوئل کی فلم ’سلم ڈاگ ملینیئر‘ میں شان دار موسیقی کے لیے دو آسکر جیتنے والے اے آر رحمٰن کو لگاتار دوسری بار بہترین گانے کے لیے نام زدگی ملی ہے۔ ابھی لوگ رحمٰن کے سپر ہٹ گانے ’جے ہو‘ کی مسحور کن دھن کو بھلا بھی نہیں پائے تھے کہ رحمٰن کے تیار کیے ہوئے نئے نغمے ’نہ نہ‘ نے ہالی وڈ میں دھوم مچا کر رکھ دی ہے۔

خیال رہے کہ بطور موسیقار ’کپلز ری ٹریٹ‘ رحمٰن کی پہلی ہالی وڈ فلم ہے، اور ہالی وڈ کے پہلے پڑاؤ پر ہی رحمٰن کو ایک بار پھر آسکر کے لیے مضبوط دعوے دار کے طور دیکھا جا رہا ہے۔

دل چسپ بات یہ ہے کہ آسکر کے لیے نامزدگی حاصل کرنے والے نہ نہ نغمے کو خود رحمٰن نے لکھا ہے۔ اس گانے کی نام زدگی اس اعتبار سے بھی اہمیت کی حامل ہے کہ اس کے کچھ حصوں کو رحمٰن کے صاحبزادے اے آر امین نے گایا ہے۔

عالمی سطح پر رحمٰن کی موسیقی کی مقبولیت کا اندازہ اِس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ بھارت اور آسٹریلیا کے رشتوں میں پیدا ہونے والی حالیہ کشیدگی کے باوجود رحمٰن نے سنیچر کے روز سڈنی شہر میں اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کر کے سینکڑوں لوگوں کا دل جیت لیا۔

XS
SM
MD
LG