رسائی کے لنکس

پاکستان: کرونا کے باعث عائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان؛ سنیما اور ریستوران بھی کھولنے کا فیصلہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسلام آباد میں وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کی صدارت میں ہونے والے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ملک بھر میں قواعد و ضوابط کے تحت ریسٹورنٹ، کیفے، تھیٹرز، سینما گھر، مزار، بزنس سینٹرز، ایکسپو سینٹرز سمیت دیگر تفریحی مقامات کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اجلاس کے بعد وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے قومی رابطہ کمیٹی برائے کرونا وائرس کے فیصلوں سے متعلق ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیاحتی مقامات کو 8 اگست سے کھول دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مزار، بزنس سینٹر، ایکسپو سینٹرز 10 اگست سے کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتِ نے ملک بھر میں مزار کھولنے کا فیصلہ تو کیا ہے لیکن عرس اور دیگر تقریبات کے لیے صوبائی حکومتوں سے اجازت لینا ہو گی اور وہاں کرونا وائرس کے بارے میں جاری کیے گئے قواعد و ضوابط پر عمل کرنا لازمی ہو گا۔

اسد عمر نے بتایا کہ سیاحتی مقامات اور وہاں موجود ہوٹل آٹھ اگست جب کہ سنیما گھر اور تھیٹرز پیر دس اگست سے کھولے جا سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 10 اگست سے کلب اور جم بھی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جب کہ شادی ہال 15 ستمبر سے کھولے جا سکیں گے۔

وفاقی وزیر نے تعلیمی ادارے بھی آئندہ ماہ 15 ستمبر سے کھولنے کا اعلان کیا۔

اسد عمر نے بتایا کہ تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق حتمی فیصلہ سات ستمبر کو ہو گا۔

کیا پاکستان میں کرونا کا زور گھٹ رہا ہے؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:04:12 0:00

اںہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے لیکن اِن میں کھڑے ہو کر سفر کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

قومی رابطہ کمیٹی برائے کرونا وائرس کے اجلاس کے فیصلوں کے حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ ریل گاڑیوں اور جہاز میں مسافروں سے متعلق پابندیاں ستمبر تک جاری رہیں گی۔ اِن دونوں کے سفر میں فی الحال ایک نشست خالی چھوڑ کر ہی سفر کرنا ہو گا جب کہ یکم اکتوبر سے یہ شرط بھی ختم ہو جائے گی۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ 15 ستمبر سے بیوٹی پارلز کھولنے کی بھی اجازت دی جا رہی ہے۔

انہوں عمر نے کہا کہ حکومت موٹر سائیکل کی ڈبل سواری کی بھی اجازت دینے جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ حکومت نے 14 اگست اور محرم الحرام سے متعلق قواعد و ضوابط بنا طے کر لیے ہیں۔ جنہیں ایک دو روز میں حتمی شکل دے دی جائے گی۔

اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ بازاروں سے متعلق اوقاتِ کار کو کرونا وائرس سے پہلے کے اوکاتِ کار کو دوبارہ بحال کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت جو بھی سیکٹر کھول رہی ہے وہ مکمل قواعد و ضوابط کے تحت کھول رہی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں حکومت نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مختلف پابندیاں اور بندشیں عائد کی تھیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اب تک وبا سے دو لاکھ 82 ہزار کے قریب افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 6035 کی موت ہوئی جب کہ 90 فی صد یعنی دو لاکھ 56 ہزار صحت یاب ہو چکے ہیں۔

حکام کے مطابق ملک بھر میں وبا سے متاثر صرف 809 انتہائی نگہداشت میں ہیں۔

XS
SM
MD
LG