رسائی کے لنکس

ایف سولہ طیاروں کی نئی کھیپ پاکستان پہنچ گئی


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

پاکستان اور امریکہ کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے مطابق مزید پانچ جدید ایف سولہ طیاروں پر مشتمل کھیپ پیر کو پاکستان پہنچ گئی ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان 06-2005ء میں ایک معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت امریکہ نے 18 جدید طیارے پاکستان کو فروخت کرنے تھے۔

نئے لڑاکا طیارے صوبہ سندھ کے ضلع جیکب آباد کے نزدیک واقع شہباز ائیر بیس پر ایک تقریب میں پاک فضائیہ میں شامل کیے گئے۔

امریکی سفارت خانے سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق پاکستان کو فراہم کیے جانے والے ایف سولہ طیاروں کی یہ چوتھی کھیپ ہے اور کل اٹھارہ طیارے جنوری 2012ء تک پاکستان کے حوالے کردیئے جائیں گے۔

بیان میں امریکی سفیر کیمرون منٹر نے کہا کہ اِن ایف سولہ طیاروں کی پاک فضائیہ میں شمولیت سے ظاہر ہوتا ہے کہ بلاک۔52 اسکوارڈن تکمیل کے قریب پہنچ گیا ہے اور اس سے پاکستان کے قومی دفاع کے حوالے سے امریکی عزم کی بھی عکاسی ہوتی ہے جس پر وہ عمل پیرا ہے۔

ایف سولہ بلاک-52 طیارہ لاک ہیڈ مارٹن کے کیثرالمقاصد لڑاکا طیاروں کی جدید ترین ماڈل کی نمائندگی کرتا ہے جو اضافی ایندھن اور زیادہ وزن اٹھانے کی صلاحیت، ہوا بازی کے جدید بہتر طریقے و حساس آلات سے لیس ہے۔ بیان کے مطابق امریکہ غیر فوجی و فاعی امداد کے پروگرام کے تحت پاک فضائیہ کے بیڑے میں پہلے سے موجود پینتالیس ایف سولہ طیاروں میں جدید آلات نصب کرنے کے لیے کام کررہا ہے۔

پہلے سے موجود طیاروں کو اپ گریڈ کرنے کے بعد وہ بھی جدید ایف سولہ لڑاکا طیاروں میں موجود صلاحیتوں، بشمول جدید مواصلاتی آلات اور درست نشانہ لگانے کے حامل ہو جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG