رسائی کے لنکس

ایف سولہ طیاروں کی فراہمی کا سلسلہ جاری: امریکہ


ایف سولہ طیاروں کی فراہمی کا سلسلہ جاری: امریکہ
ایف سولہ طیاروں کی فراہمی کا سلسلہ جاری: امریکہ

امریکہ نے پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی فراہمی کا منصوبہ منسوخ کرنے کی اطلاعات کی تردید کی ہے۔

اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے ترجمان نے جمعرات کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ بعض ذرائع ابلاغ میں اس پروگرام کی بندش کی اطلاعات شائع ہوئی ہیں جو درست نہیں ہیں۔

’’نہ پاکستان اور نہ ہی امریکہ نے ایف سولہ (طیاروں کا) پروگرام منسوخ کیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے تازہ ترین خریدا گیا ایف سولہ کی طے شدہ فراہمی شیڈول کے مطابق امریکہ سے جنوری 2012 کے اواخر میں پاکستان پہنچنے پر ہو گی۔‘‘

ترجمان کے بقول پاکستان کی جانب سے خریدے گئے متعدد دیگر ایف سولہ طیارے اس وقت امریکہ میں اپ گریڈ کیے جا رہے ہیں اور وہ بھی جنوری کے اواخر میں پاکستان پہنچیں گے۔ ’’فراہمی کا یہ سلسلہ رواں سال اور اگلے سال بھی جاری رہے گا۔‘‘

پاکستان اور امریکہ کے تعلقات گزشتہ نومبر میں مہمند ایجنسی کی سرحدی چوکیوں پر نیٹو کے فضائی حملے کے بعد سے مسلسل کشیدگی کا شکار ہیں جس میں 24 پاکستانی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

اس واقعہ پر احتجاج کرتے ہوئے اسلام آباد نے واشنگٹن اور افغانستان میں نیٹو کےساتھ انسداد دہشت گردی کے تعاون کو معطل کرتے ہوئے اس کی بحالی پارلیمان سے نئی شرائط کی منظوری سے مشروط کر رکھی ہے اور اس پر پاکستانی پارلیمان کی قومی سلامتی کے لیے قائم کمیٹی میں مشاورت کا عمل ابھی جاری ہے۔

XS
SM
MD
LG