بھارت اور انگلینڈ کے درمیان آئندہ برس کے اوائل میں چار ٹیسٹ، تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوینٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی جس کی میزبانی بھارت کرے گا۔
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے صدر سارو گنگولی نے اعلان کیا ہے کہ انگلش کرکٹ ٹیم آئندہ برس فروری اور مارچ میں بھارت کا دورہ کرے گی۔
انگلش کرکٹ ٹیم کا دورۂ بھارت اس سے قبل پانچ ٹیسٹ میچز پر مشتمل تھا۔ تاہم بی سی سی آئی کے صدر نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ انگلش ٹیم بھارت میں چار ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔
یہ دورہ اس اعتبار سے بھی اہم ہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کے لیے دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ میچز فیصلہ کن کردار ادا کریں گے۔
آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل جون 2021 میں انگلینڈ کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں ہو گا جس کے لیے سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والی ابتدائی دو ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی۔
اب تک پوائنٹس ٹیبل پر نو ٹیموں میں آسٹریلیا پہلے، بھارت دوسرے اور انگلینڈ تیسرے نمبر پر ہے۔
انگلینڈ کو بھارت میں رواں برس ستمبر اور اکتوبر میں ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلنا تھی جب کہ بھارت کو اکتوبر اور نومبر میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کرنا تھی جو کرونا کی نذر ہو چکے ہیں۔
بھارتی کرکٹ ٹیم ان دنوں آسٹریلیا میں موجود ہے اور اس دورے سے فراغت کے بعد وہ انگلینڈ کے خلاف ہوم گراؤنڈ میں مدمقابل ہو گی۔
سارو گنگولی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کرونا وائرس کی عالمی وبا انگلینڈ کے دورۂ بھارت کو متاثر کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ کرونا وائرس کی دوسری لہر کی بات کر رہے ہیں اور ممبئی اور دہلی میں ایک مرتبہ پھر کیسز کی شرح میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ان کے بقول، کرونا کی صورتِ حال کے باوجود ہم بہت محتاط ہیں اور اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ انگلینڈ کی میزبانی کے لیے ہر چیز بہتر انداز سے ہو۔
کنگولی نے انکشاف کیا کہ گزشتہ ساڑھے چار ماہ کے دوران مختلف دوروں کی وجہ سے اُن کے کرونا کے 22 ٹیسٹ کیے گئے جن کی رپورٹ منفی آئی۔