رسائی کے لنکس

کرونا وائرس کے باعث ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ملتوی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کرونا وائرس کی وجہ سے ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ اکتوبر نومبر میں آسٹریلیا میں منعقد ہونا تھا۔

2021 کا ورلڈ کپ بھارت اور 2022 کا آسٹریلیا میں ہونا ہے لیکن یہ امکان موجود ہے کہ اگلے ٹورنامنٹ کی میزبانی آسٹریلیا کو دے دی جائے۔ فی الحال اس بارے میں فیصلہ نہیں کیا گیا۔

آئی سی سی نے ایک بیان میں صرف اتنا کہا کہ آج اس بات کی تصدیق کی جا رہی ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے باعث آسٹریلیا میں ٹی ٹوئینٹی ورلڈکپ ملتوی کر دیا گیا ہے۔

ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ 18 اکتوبر کو اور فائنل 15 نومبر کو طے تھا۔ لیکن کرکٹ آسٹریلیا نے مئی میں آئی سی سی کو آگاہ کر دیا تھا کہ اتنے بڑے ٹورنامنٹ کو 16 بین الاقوامی ٹیموں کے لیے قرنطینہ کے انتظامات کے ساتھ بند دروازوں میں منعقد کرنا تقریباً ناممکن ہو گا۔

آئی سی سی نے دو ماہ تک مختلف امور پر غور کیا جس کے بعد پیر کو اپنے فیصلے کا اعلان کر دیا۔ چیف ایگزیکٹو مانو سوہنے نے کہا کہ ورلڈکپ ملتوی کرنے کا فیصلہ تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے۔ کونسل کا کمرشل ونگ بعد میں اس بارے میں فیصلہ کرے گا کہ اگلا ورلڈ کپ آسٹریلیا میں منعقد کیا جائے یا بھارت میں۔

کونسل اگلے تین ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کا فیصلہ کرے گی تاکہ کرکٹ بورڈز باہمی معاملات کی بہتر منصوبہ بندی کر سکیں اور وبا کے دور میں ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جا سکے۔

آخری ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ 2016 میں بھارت میں منعقد کیا گیا تھا جس کے فائنل میں انگلینڈ کو شکست دے کر ویسٹ انڈیز دوسری بار چیمپین بن گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ نہ ہونے کی وجہ سے بھارتی بورڈ کے پاس موقع ہے کہ وہ سال کے آغاز میں ملتوی کی گئی انڈین پریمئیر لیگ کو متحدہ عرب امارات میں منعقد کرے۔ بھارت میں ٹورنامنٹ ہونا ممکن نہیں جہاں کرونا وائرس کے 11 لاکھ کیسز کی تصدیق ہوئی ہے اور 27 ہزار اموات ہو چکی ہیں۔

اگر آئی پی ایل کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا تو اس کا آغاز ستمبر کے پہلے ہفتے میں ہو گا اور نومبر کے دوسرے ہفتے تک جاری رہے گی۔ بھارتی بورڈ کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر مقامی خبر ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ وہ حکومت سے منظوری لینے کی کوشش کریں گے۔

XS
SM
MD
LG