رسائی کے لنکس

انگلینڈ کرکٹ بورڈ کا 16 برس بعد ٹیم پاکستان بھیجنے کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے 16 برس بعد پہلی مرتبہ اپنی کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔

انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے اعلان کے مطابق بیلو کیپس آئندہ برس اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے اور اس دورے کے دوران دو ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا میچ 14 جب کہ دوسرا 15 اکتوبر کو کھیلا جائے گا اور دونوں میچز کراچی میں ہوں گے۔

یہ دونوں میچز اس لیے بھی اہم ہیں کہ اسی ماہ بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی میزبانی کرے گا۔

ای سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹام ہیریسن کا کہنا ہے کہ 2005 کے بعد یہ پہلا موقع ہو گا جب انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔

اُن کے بقول یہ دورہ دونوں ملکوں کے لیے نہایت اہم ہے۔

ہیریسن کا کہنا ہے کہ ہمارے کھلاڑیوں اور عملے کی حفاظت سب سے اہم ہے۔ ہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ رابطے میں ہیں اور حکام سے کھلاڑیوں کی ہر سطح پر حفاظت، سفری معاملات اور وبائی مرض کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتِ حال سے متعلق مذاکرات جاری ہیں۔

ستمبر 2009 میں دورۂ پاکستان کے موقع پر سری لنکن کرکٹ ٹیم کی بس پر دہشت گرد حملے کے بعد ایک طویل عرصے تک کسی بھی غیر ملکی ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا تھا۔

پاکستان کو اپنی سرزمین کے بجائے شارجہ، دبئی اور ابوظہبی میں میچز کھیلنا پڑے۔ صورتِ حال بہتر ہونے کے بعد سری لنکا، بنگلہ دیش اور زمبابوے کی ٹیموں نے پاکستان کا دورہ کیا تاہم انگلینڈ نے 2005 سے اب تک پاکستان کو کوئی دورہ نہیں کیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ برس جولائی میں انگلینڈ کا بھی دورہ کرے گی جس میں تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائیں گی۔

تینوں ون ڈے میچز کا انعقاد آٹھ، دس اور تیرہ جولائی کو ​کارڈف، لندن اور برمنگھم میں ہو گا جب کہ 16، 18 اور 20 جولائی کو نوٹنگھم، لیڈز اور مانچسٹر میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز بھی ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG