رسائی کے لنکس

آئی سی سی کا 'ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ' کا اعلان


آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کے لیے 7 ٹیمیں کوالیفائی کریں گی۔ عالمی ایونٹ 2023 میں بھارت میں منعقد ہوگا۔ (فائل فوٹو)
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کے لیے 7 ٹیمیں کوالیفائی کریں گی۔ عالمی ایونٹ 2023 میں بھارت میں منعقد ہوگا۔ (فائل فوٹو)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 'ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ' کا اعلان کر دیا ہے جس کا باقاعدہ آغاز 30 جولائی کو انگلینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان سیریز سے ہو گا۔

سپر لیگ بھارت میں منعقدہ ورلڈ کپ 2023 سے قبل ٹیموں کے درمیان ہونے والی سیریز پر مشتمل ہو گی۔

ایونٹ میں آئی سی سی کی مکمل رکنیت رکھنے والی 12 ٹیمیں اور نیدرلینڈز سمیت کل 13 ٹیمیں حصہ لیں گی۔

ہر ٹیم اپنی سر زمین پر اور بیرونِ ملک تین تین میچز پر مشتمل چار سیریز کھیلے گی۔

'ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ' کے دوران آئی سی سی رینکنگ میں شامل ابتدائی سات ٹیمیں براہِ راست ورلڈ کپ 2023 کے لیے کوالیفائی کر لیں گی جب کہ دیگر ٹیموں کو کوالیفائنگ مرحلے سے گزرنا ہو گا۔

سپر لیگ میں ٹیمیں اور ان کے پوائنٹس بالکل اس طرح ہوں گے جس طرح ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے رکھے گئے تھے۔

ہر ٹیم کو جیت کی صورت میں 10 پوائنٹس ملیں گے جب کہ میچ ٹائی یا بغیر کسی نتیجے کے ختم ہونے پر یا منسوخ ہونے پر پانچ پوائنٹس ملیں گے۔

اس سے قبل آئی سی سی 'ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ' کا اعلان کر چکی ہے۔ چیمپئن شپ کا آغاز یکم اگست 2019 سے ہو چکا ہے جو آئندہ دو برسوں تک جاری رہے گی۔

چیمپئن شپ کے دوران دنیا کی نو سرِ فہرست ٹیموں کے درمیان 71 ٹیسٹ میچز پر مشتمل 27 سیریز جاری ہیں۔ ان ٹیموں میں آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، بھارت، نیوزی لینڈ، پاکستان، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔

آئی سی سی کرکٹ آپریشنز کے جنرل منیجر جیوف الارڈیس کا کہنا ہے کہ ہمیں خوشی ہے کہ آئی سی سی 'ورلڈ کپ سپر لیگ' کا آغاز ورلڈ چیمپئن انگلینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان مقابلے سے ہو رہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ لیگ کی بدولت اگلے تین برسوں کے دوران کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں مزید نکھار آئے گا۔

جیوف کا مزید کہنا تھا کہ سپر لیگ دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کی دلچسپی کا سبب ہو گی کیوں کہ لیگ کرکٹ اب دنیا بھر میں ذوق و شوق سے دیکھی جاتی ہے۔

انگلینڈ کے کپتان این مورگن نے کہا ہے کہ ہم دوبارہ کرکٹ کھیلنے اور آئی سی سی مینز ورلڈ کپ سپر لیگ شروع ہونے کے منتظر ہیں۔

XS
SM
MD
LG