رسائی کے لنکس

آئی پی ایل میچز میں شائقین کو گراؤنڈ میں آنے کی اجازت دینے کا عندیہ


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

رواں سال مارچ میں موخر ہونے والی انڈین پریمیئر لیگ کے نئے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ لیگ 19 ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہو گی۔

آئی پی ایل کے چیئرمین برجیش پٹیل کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے اُنہیں قرنطینہ میں رکھا جا سکتا ہے۔

یوں تو کرونا وبا کی وجہ سے شائقین کے بغیر میچز کھیلے جا رہے ہیں، لیکن بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات میں وائرس کا پھیلاؤ کم ہونے کے بعد مخصوص تعداد میں شائقین کو اجازت دینے پر حکام سے بات چیت کریں گے۔

برجیش پٹیل نے 'اے ایف پی' کو بتایا کہ دنیا کے سب سے مہنگے کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل آٹھ نومبر کو کھیلا جائے گا جب کہ مجموعی طور پر یہ ایونٹ 51 دنوں تک جاری رہے گا۔ اس دوران کل 60 میچز کھیلے جائیں گے۔

متحدہ عرب امارات کے موجودہ کرونا وائرس قوانین کے تحت تمام مسافروں کو امارات پہنچنے کے بعد دو ہفتوں کے لیے خود کو الگ تھلگ رکھنا ضروری ہے۔

برجیش پٹیل نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے سیاحوں کے لیے بنائے گئے قواعد پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔

برجیش پٹیل نے کہا کہ ایونٹ کی تاریخیں حتمی ہیں جب کہ باقی معاملات طے کرنے کے لیے آئی پی ایل کی گورننگ کونسل کا اجلاس اگلے ہفتے ہوگا۔

برجیش پٹیل کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ ٹورنامنٹ کے دوران وائرس کے خطرے سے نمٹنے لیے ایس او پیز تیار کرے گا۔

یہ آئی پی ایل کا 13 واں سیزن ہے جو رواں سال مارچ میں منعقد ہونا تھا لیکن وبائی مرض کی وجہ سے اسے بار بار ملتوی کردیا گیا۔

البتہ رواں سال اکتوبر میں آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ملتوی ہونے کے بعد آئی پی ایل کے انعقاد کی راہ ہموار ہوئی۔

آئی پی ایل، بھارتی کرکٹ بورڈ کے لیے کمائی کا سب سے بڑا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ اگر رواں سال یہ ایونٹ منسوخ ہوجاتا تو بورڈ کو 500 ملین ڈالر سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑتا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام کے مطابق دبئی، ابو ظہبی اور شارجہ میں میچز کا انعقاد کیا جائے گا جس کے لیے ٹیمیں 20 اگست تک متحدہ عرب امارات پہنچ جائیں گی۔

XS
SM
MD
LG