رسائی کے لنکس

سب سے زیادہ آسٹریلوی کھلاڑی آئی پی ایل کھیلنے کے خواہش مند


کھلاڑیوں کے حتمی ناموں کی فہرست نیلامی کی غرض سے 9 دسمبر کی شام 5 بجے فرنچائزز کے حوالے کر دی جائے گی۔ (فائل فوٹو)
کھلاڑیوں کے حتمی ناموں کی فہرست نیلامی کی غرض سے 9 دسمبر کی شام 5 بجے فرنچائزز کے حوالے کر دی جائے گی۔ (فائل فوٹو)

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 2020 میں ہونے والے سیزن کے لیے اب تک 971 کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کرا لی ہے جس میں سب سے زیادہ تعداد آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے کرکٹرز کی ہے۔

بھارت میں آئی پی ایل کا 13واں ایڈیشن آئندہ سال مارچ سے مئی کے درمیان ہو گا جس کے لیے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے۔

سب سے زیادہ 55 آسٹریلوی کھلاڑی آئی پی ایل کھیلنے کے خواہش مند ہیں جب کہ جنوبی افریقہ کا نمبر دوسرا ہے جس کے 54 کھلاڑی آئی پی ایل کھیلنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

اس حوالے سے توقع کی جارہی ہے کہ شاید آئی پی ایل میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے کھلاڑی باقی پلیئرز پر چھائے رہیں گے لیکن لیگ انتظامیہ کی جانب سے بتایا جارہا ہے کہ سری لنکن کھلاڑیوں کی تعداد 39، ویسٹ انڈیز کے 34، نیوزی لینڈ کے 24، انگلینڈ کے 22 اور افغانستان کے 19 کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کی گئی ہے۔

بنگلہ دیش کے 6، زمبابوے کے 3 اور امریکہ کا ایک کھلاڑی بھی نیلامی کے لیے رجسٹرڈ ہو چکا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق 971 کھلاڑیوں میں سے کم از کم 73 کھلاڑی آئی پی ایل کے لیے نیلامی کی غرض سے تیار بیٹھے ہیں۔

آئی پی ایل 2020 کے لیے نیلامی کا عمل 19 دسمبر کو کولکتہ میں ہوگا جس کے دوران فرنچائزز کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گی۔ (فائل فوٹو)
آئی پی ایل 2020 کے لیے نیلامی کا عمل 19 دسمبر کو کولکتہ میں ہوگا جس کے دوران فرنچائزز کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گی۔ (فائل فوٹو)

یاد رہے کہ آئی پی ایل کی تمام آٹھ فرنچائزز کو اپنے اپنے کھلاڑیوں کی فہرست دینے کے لیے آخری تاریخ 30 نومبر دی گئی تھی۔

کھلاڑیوں کے حتمی ناموں کی فہرست نیلامی کی غرض سے 9 دسمبر کی شام 5 بجے فرنچائزز کے حوالے کر دی جائے گی۔

آئی پی ایل 2020 کے ایڈیشن کے لیے 917 کھلاڑیوں میں سے 713 کا تعلق بھارت سے ہے جب کہ 258 کھلاڑی غیر ملکی ہیں۔ نیلامی 19 دسمبر کو کولکتہ میں ہوگی۔

آئندہ ایڈیشن کے لیے 971 کھلاڑیوں میں سے 634 کرکٹرز پہلی مرتبہ لیگ کا حصہ بنیں گے۔ ان میں 60 بھارتی کھلاڑی ایسے بھی ہیں جنہوں نے اب تک آئی پی ایل کا کم از کم ایک میچ کھیلا ہے۔

پہلی مرتبہ آئی پی ایل کھیلنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کی تعداد 60 ہے جب کہ 196 کھلاڑی ایسے ہیں جو پہلے بھی آئی پی ایل کا حصہ رہ چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG