رسائی کے لنکس

کراچی میں کرسمس کی تیاریاں اور گہماگہمی


کراچی میں مسیحی کمیونٹی صدر اور محمود آباد اور اس سے متصل علاقوں میں آباد ہے لیکن وہ کرسمس کی خریداریوں کے لئے زیادہ تر بوہری بازار صدر کا ہی رخ کرتی ہے۔

اتوار کو ملک بھر میں کرسمس کا تہوار پورے جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔ اس کے لیے کراچی کی مسیحی برادری نے بھی اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

شہر میں سے سب سے زیادہ مسیحی برادری صدر، محمود آباد اور اس سے متصل علاقوں میں آباد ہے لیکن کرسمس کی شاپنگ کے لئے تمام افراد بوہری بازار صدر کا ہی رخ کرتے ہیں جہاں پچھلے کئی دنوں سے خریداروں کا رش ہے جبکہ ہفتے کی شام اور اتوار کو خریداروں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگیا۔

پورا بازار زیبائش اور آرائش کی چیزوں اور رنگی برنگی لائٹس سے سجا ہوا ہے ۔ ہفتے کی شام ویک اینڈ ہونے کے سبب بھی خریداروں کا غیر معمولی رش دیکھا گیا۔

ایک خاتون خریدار انیتا نے وی او اے کو بتایا کہ ’’ کرسمس پوری دنیا میں ایسے موقع پر منایا جاتا ہے جب نیا سال بھی قریب ہی ہوتا ہے ، اس لئے ہم لوگ کرسمس کے ساتھ ہی نئے سال کی خریداری بھی ایک ہی ساتھ کرلیتے ہیں اور اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ بعد میں دوبارہ وقت کم ہی مل پاتا ہے۔ ‘‘

ایک دکاندار جاوید نے وی او اے کو بتایا کہ کرسمس پر سب سے زیادہ جو سامان فروخت ہوتا ہے اس میں کرسمس ٹری، سانتا کلاز اور جِنگل بیلز سرفہرست ہیں جبکہ گھروں کو سجانے کے لئے مختلف قسم اور مختلف دھاتوں کا بنا سامان زیادہ خریداجاتا ہے۔ ‘‘

دنیا بھر میں مسیحی برادری 25 دسمبر کو عید ولادت مسیح یا بڑا دِن کے طور پر مناتی ہے جسے کرسمس بھی کہا جاتا ہے۔ کرسمس اور ایسٹر ان کے بڑے تہواروں میں شمار ہوتے ہیں۔

کرسمس اور بین المذاہب ہم آہنگی
’پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی پر جتنی توجہ اب دی جارہی ہے اتنی عموماً پہلے دیکھنے میں نہیں آئی۔ ‘پاکستان سکھ کونسل کے صدر سردار رمیشن سنگھ نے وی او اے سے گفتگو کے دوران بتایا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کرسمس کی تیاریوں میں صرف مسیحی برادری پیش پیش نہیں ہوتی بلکہ سکھ برادری بھی ان کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہوتی ہے۔ کرسمس پوری دنیا میں ایک ساتھ منایا جاتا ہے اور پاکستان میں ہندو اور سکھ برادری بھی ان کا ساتھ دینے میں کسی سے پیچھے نہیں رہتی۔ ‘‘

ملک میں پہلی مرتبہ عید کی طرح کرسمس کے موقع پر اسلام آباد سے کراچی کے لئے ٹرین چلائی گئی ہے ۔ ریلوے کے وزیر خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ خصوصی ٹرین چلانے کا مقصد مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔

یہ ٹرین ملک کے مختلف شہروں اور علاقوں سے ہوتی ہوئی 31دسمبر کو کراچی پہنچے گی۔ ٹرین کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’’ پاکستان کا آئین ہر شہری کو برابر کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے ۔ملک میں مختلف مذاہب کے ماننے والوں کو اپنے اپنے دینی فریضے کے مطابق زندگی گزارنے کا قانونی حق اور تحفظ حاصل ہے۔‘‘

XS
SM
MD
LG