رسائی کے لنکس

برگڈہل سمجھوتا، امریکیوں کی سلامتی ’داؤ پہ‘: بینر


ایوان کے اسپیکر نے متنبہ کیا کہ قیدیوں کے تبادلے کی ’قیمت‘ امریکیوں کو چکانی پڑے گی۔ بقول اُن کے، میرے ذہن میں کوئی شبہ نہیں کہ قیدیوں کے اس طرح کے تبادلے کے باعث جانیں ضائع ہونے کا خدشہ لاحق رہے گا

امریکی ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر، جان بینر نے کہا ہے کہ اوباما انتظامیہ نے آرمی سارجنٹ بووے برگڈہل کی رہائی کے بدلے پانچ طالبان قیدیوں کو آزاد کرکے، امریکیوں کو ’غیر محفوظ‘ بنا دیا ہے۔

منگل کو ایوان کے ریپبلیکن قائدین کے ہمراہ ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، بینر نے متنبہ کیا کہ قیدیوں کے تبادلے کی ’قیمت‘ امریکیوں کو چکانی پڑے گی۔ اُنھوں نے کہا کہ اُن کے ذہن میں کوئی شبہ نہیں کہ قیدیوں کے اس طرح کے تبادلے کے باعث جانیں ضائع ہونے کا خدشہ لاحق رہے گا۔

بینر نے کہا کہ ریپبلیکن قانون ساز خوش ہیں کہ افغانستان میں طالبان کے ہاتھوں پانچ برس قید کاٹنے کے بعد برگڈہل کو رہائی ملی۔ لیکن، اُنھوں نے قانون سازوں کی اس تشویش کا
اعادہ کیا کہ اس سمجھوتے سے قبل اُنھیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔


اوباما انتظامیہ کے حکام نے اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ برگڈہل کی زندگی خطرے میں تھی اور انتظار کا وقت نہیں تھا۔

پیر کے روز وائٹ ہاؤس کے اہل کاروں نے ایوان کے دونوں اطراف سے تعلق رکھنے والے ارکان کو برگڈہل کی بازیابی سے متعلق خفیہ بریفنگ دی۔

ایوان کے ریپبلیکن نمائندگان کا کہنا تھا کہ وہ اس بات پر برہم ہیں کہ اوباما انتظامیہ کے 90 سے زائد اہل کاروں کو برگڈہل کی طالبان سے رہائی سے متعلق سمجھوتے کا علم تھا، لیکن کانگریس میں کسی کو کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔

کیلی فورنیا سے تعلق رکھنے والے ریپبلیکن رُکن، دانا روہرابچار نے صدر پر کانگریس کی ’ناک پر گھنسہ دے مارنے‘ کا الزام لگایا، اور کہا کہ اُنھیں ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

برگڈہل کی آزادی کے بدلے گوانتانامو بے سے پانچ نامی گرامی طالبان قیدیوں کو قطر منتقل کیا گیا۔

امریکی قانون کی رو سے گوانتانامو کے قیدیوں کی رہائی کے لیے کانگریس کو 30 دِن کا نوٹس دیا جانا ضروری ہے، اور اس معاملے میں یہ اقدام نہیں کیا گیا۔

وزیر دفاع، چَک ہیگل بدھ کو ایوان کی ’آرمڈ سروسز کمیٹی‘ کی سماعت کے دوران شہادت پیش کرنے والے ہیں۔

منگل کے دِن معاون وزیر دفاع، رابرٹ ورک اور دیگر اہل کاروں نے سینیٹ کی افواج کی خدمات سے متعلق کمیٹی کو برگڈہل کے تبادلے کے بارے میں بریفنگ دی۔
XS
SM
MD
LG