رسائی کے لنکس

طالبان نے برگڈل کی رہائی کی ویڈیو جاری کردی


وڈیو سے لی گئی برگڈل کی ایک تصویر
وڈیو سے لی گئی برگڈل کی ایک تصویر

ویڈیو میں دیکھایا گیا کہ سفید شلوار قمیض میں ملبوس برگڈل ایک سفید رنگ کے پک اپ گاڑی میں انتظار کر رہے تھے۔

طالبان نے سارجنٹ بووی برگڈل کو پاک افغان سرحد کے قریب امریکی فوج کے حوالے کرنے کی 17 منٹ کی ویڈیو جاری کی ہے۔

پانچ سال تک قید رہنے والے بووی برگڈل کو طالبان نے گوانتاناموبے میں اپنے پانچ ساتھیوں کی رہائی کے بدلے چھوڑا۔

ویڈیو میں سفید شلوار قمیض میں ملبوس برگڈل ایک سفید رنگ کے پک اپ گاڑی میں انتظار کر رہا ہے جب کہ طالبان جنگجو اُس کی طرف جھک کر باتیں کر رہے ہیں۔

اس ویڈیو کے درست ہونے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

مسلح طالبان کو پہاڑیوں پر کھڑے دکھایا گیا جب کہ ایک ’بلیک ہاک‘ ہیلی کاپٹر وہاں قریب ہی اترا۔

دو طالبان آگے بڑھتے ہیں جن میں سے ایک نے برگڈل کو امریکی فوجیوں کے حوالے کیا جب کہ دوسرے نے اپنے ہاتھ میں ایک سفید جھنڈا اُٹھایا ہوا تھا۔

بیشتر طالبان نے اپنے چہرے ڈھانپ رکھے تھے۔

امریکی فوجیوں کو برگڈل کو اپنے ساتھ ہیلی کاپٹر تک لے جاتے ہوئے دیکھا گیا جس کے بعد ہیلی کاپٹر فضا میں بلند ہو گیا۔

ویڈیو سکرین پر انگریزی میں لکھی ایک تحریر سامنے آئی کہ ’افغانستان واپس نہ آنا‘۔

28 سالہ برگڈل کو پانچ سال قبل افغانستان کے طالبان نے اغواء کیا تھا اور اُنھیں گوانتاناموبے میں قید پانچ طالبان عسکریت پسندوں کی رہائی کے بدلے چھوڑا گیا۔

سارجنٹ بووی برگڈل کو جرمنی میں امریکہ کے فوجی اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا جہاں اُن کا طبی معائنہ جاری ہے۔

گوانتاناموبے سے چھوڑے گئے پانچ قیدیوں کو قطر میں طالبان کے نمائندوں کے حوالے کیا گیا جہاں معاہدے کے مطابق اُنھیں ایک سال تک رکھا جائے گا۔

ویڈیو میں طالبان کی قطر آمد کو بھی دکھایا گیا جب کہ پس منظر میں طالبان کا فتح کا ایک ترانا بھی سنا جا سکتا ہے۔

امریکہ کے صدر براک اوباما نے اپنے ایک فوجی کی رہائی کے بدلے افغان قیدیوں کو چھوڑنے کے اپنے فیصلے کا دفاع کیا ہے۔
XS
SM
MD
LG