رسائی کے لنکس

بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ، تین اہلکار ہلاک اور 8 زخمی 


فائل
فائل

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے میں تین اہلکار ہلاک جب کہ آٹھ زخمی ہوئے ہیں۔

پاکستان کی فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر یہ حملہ بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے وادی گچک میں ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے کوئٹہ کے کمبائنڈ ملٹری اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں پانچ زخمی اہلکاروں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

سرکاری ذرائع کے نے تاحال حملے کی تفصیل بیان نہیں کی۔ تاہم بلوچ مزاحمتی تنظیم، کالعدم بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ترجمان نے واقعے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعوی کیا ہے۔

نامعلوم مقام سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کالعدم بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ پیر کی صبح حملہ آوروں نے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کی پانچ گاڑیوں پر مشتمل قافلے کو نشانہ بنایا۔

ترجمان کے مطابق، عسکریت پسند پہلے ہی موک کنڈگ کے مقام پر گھات لگائے ہوئے تھے۔ موقع پاتے ہی انہوں نے فورسز کی گاڑیوں پر خودکار ہتھیاروں اور راکٹ لانچروں سے حملہ کیا۔
یاد رہے کہ بلوچستان کے مکران ڈویژن کے علاقے پنجگور اور اس سے متصل علاقوں کو شورش زدہ سمجھا جاتا ہے، جہاں ماضی میں بھی بلوچ مزاحمتی تنظیموں کی جانب سے سیکورٹی فورسز پر حملے ہوتے رہے ہیں۔

حملہ آور کون تھے؟

ابتدائی اطلاعات کے مطابق، کالعدم بلوچستان لبریشن فرنٹ نامی جماعت کے ترجمان گہرام بلوچ کے مطابق، ''سرمچاروں نے موکا کندگ گچک پنجگور میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز پر راکٹ اور خودکار بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ حملے میں پانچ گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور ایک افسر سمیت 20 افراد ہلاک ہوئے۔''

گہرام بلوچ نے دعویٰ کیا کہ ''اس علاقے میں چند سال قبل بھی ایک قافلے کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس کی ویڈیو ویب سائیٹس پر ریلیز کی گئی تھی۔ آج ہونے والے حملے کی ویڈیو بھی جلد ریلیز کردی جائے گی۔'' بقول ان کے، ''یہ حملے بلوچستان کی آزادی تک جاری رہیں گے''۔

پاکستان میں حالیہ عرصے میں بلوچستان میں مختلف قوم پرست جماعتوں کے عسکری ونگز کی طرف سے حملے دیکھنے میں آئے ہیں اور بلوچستان کے دور دراز علاقوں کے ساتھ ساتھ کراچی میں بھی حملے کیے گئے، کراچی اسٹاک ایکسچینج پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری پاکستان میں کالعدم جماعت بلوچستان لبریشن آرمی نے قبول کی تھی''۔

پاکستان میں مختلف بلوچ جماعتیں پاکستان کی حکومت پر بلوچ وسائل پر قبضہ کرنے اور بلوچوں کا استحصال کرنے کے الزامات عائد کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG