پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع کیچ میں شدت پسندوں کی کارروائی میں پاکستانی فوج کے میجر سمیت چھ اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ کالعدم بلوچ عسکریت پسند تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فرنٹیئر کور کے اہلکار پاک ایران سرحد کے قریب بلیدہ کے علاقے میں دہشت گردوں کی ممکنہ نقل و حمل کی نگرانی کے لیے معمول کا گشت کر رہے تھے۔
پیٹرولنگ سے واپسی پر سیکیورٹی فورس کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم (آئی ای ڈی) سے حملہ کیا گیا۔ جس میں میجر ندیم عباس بھٹی سمیت چھ سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے۔
میجر ندی عباس بھٹی کا تعلق پنجاب کے ضلع حافظ آباد سے تھا۔ واقعے میں ہلاک ہونے والے دیگر اہلکاروں میں میانوالی کے رہائشی نائیک جمشید، تونسہ شریف کے لانس نائیک تیمور، اٹک سے تعلق رکھنے والے لانس نائیک حضر حیات شامل ہیں۔
حملے میں خیبرپختونخوا کے ضلع مردان کے رہائشی ساجد اور تونسہ شریف کے سپاہی ندیم بھی شامل ہیں۔
بلوچستان میں پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیاں جھڑپوں کا سلسلہ وقتاً فوقتاً جاری رہتا ہے۔