ٹرمپ کی آمد، بھارت میں بھی 'ہاؤڈی مودی' ہوگا

فائل فوٹو

امریکہ کے صدر رواں ماہ کے آخر میں بھارت کا دورہ کر رہے ہیں۔ اس دورے میں ڈونلڈ ٹرمپ 'ہاؤ ڈی مودی' طرز کے اجتماع میں شریک ہوں گے۔

بھارت کے اخبار 'ٹائمز آف انڈیا' کی ایک رپورٹ کے مطابق ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں صدر ٹرمپ ایک بڑے اجتماع میں شرکت کے ساتھ ساتھ 'سبرمتی آشرم' کا دورہ اور نئے تعمیر ہونے والے اسٹیڈیم کا افتتاح کریں گے۔

'ٹائمز آف انڈیا' نے ذرائع کے حوالے بتایا کہ صدر ٹرمپ 24 فروری کو احمد آباد کا دورہ کریں گے جب کہ بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی اور صدر ٹرمپ مشترکہ طور پر اسٹیڈیم کا افتتاح کریں گے۔

بدھ کو وزیر اعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ان کو انتہائی خوشی ہے کہ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا رواں ماہ کے آخر میں بھارت کا دورہ کر رہے ہیں۔ ان کا یادگار استقبال کیا جائے گا۔

انہوں نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ دونوں ملک متعدد معاملات پر وسیع پیمانے پر اشتراک کر رہے ہیں۔ امریکہ اور بھارت میں مضبوط تعلق نہ صرف دونوں کے شہریوں کے مفاد میں ہے بلکہ اس سے دنیا کو فائدہ ہو گا۔

نریندر مودی نے کہا کہ صدر ٹرمپ کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس سے نئی دہلی اور واشنگٹن میں دوستی مزید پائیدار ہو گی۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ 24 اور 25 فروری کو بھارت کا دورہ کر رہے ہیں۔ اس دورے میں وہ ریاست گجرات بھی جائیں گے۔ یہ ریاست نریندر مودی کا سیاسی گڑھ کہلاتی ہے۔ دونوں رہنما ایک بڑی ریلی میں 10 کلو میٹر کا راستہ طے کر کے ایئر پورٹ سے 'سبرمتی آشرم' پہنچیں گے۔

خیال رہے کہ بھارت کے بانی مہاتما گاندھی کی تحریکِ آزادی میں 'سبرمتی آشرم' کو بہت اہمیت حاصل تھی۔ آزادی کی تحریک میں مہاتما گاندھی نے یہاں قیام بھی کیا تھا۔

امریکہ کے صدر اور بھارت کے وزیرِ اعظم بعد ازاں نئے تعمیر ہونے والے سردار ولابھائی پٹیل اسٹیڈیم کا افتتاح کریں گے۔ جس کے بعد وہ ایک بڑے اجتماع سے خطاب کریں جس میں ایک لاکھ سے زیادہ لوگوں کی شرکت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ برس ہیوسٹن میں صدر ٹرمپ اور نریندر مودی نے مشترکہ طور پر اجتماع سے خطاب کیا تھا۔

یاد رہے کہ امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں گزشتہ برس ستمبر میں 'ہاؤڈی مودی' کے نام سے ایک بڑی تقریب ہوئی تھی جس میں 50 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی تھی۔ اس اجتماع میں ڈونلڈ ٹرمپ اور نریندر مودی دونوں اسٹیج پر موجود تھے جب کہ دونوں نے شرکا سے خطاب بھی کیا تھا۔

بھارتی نشریاتی ادارے 'این ڈی ٹی وی' کی رپورٹ کے مطابق گجرات میں ٹرمپ اور مودی کی مشترکہ آمد پر اجتماع کو 'کیم چھو، مودی' یعنی 'کیسے ہیں مودی جی' کہا جا رہا ہے۔ مقامی طور ہر 'ہاؤڈی مودی' کا ترجمہ ' کیم چھو مودی' کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ٹرمپ اور مودی جس اسٹیڈیم کا افتتاح کریں گے اس میں ایک لاکھ 10 ہزار شرکا کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ یہ اسٹیڈیم آسٹریلیا کے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ سے بھی بڑا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق احمد آباد کی بدلیہ عظمیٰ نے دونوں رہنماؤں کی ریلی اور اجتماع کی تیاریاں شروع کر دی ہیں جب کہ مختلف محکموں کے حکام کو ذمہ داریاں بھی تفویض کر دی گئی ہیں۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے بھی بیان جاری کیا ہے کہ امریکہ کے صدر 24 اور 25 فروری کو بھارت کا دورہ کریں گے۔

واضح رہے کہ 2014 سے 2018 کے درمیان بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت میں چین کے صدر ژی جن پنگ، جاپان کے وزیرِ اعظم شینزو ای بے اور اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو بھی گجرات کے شہر احمد آباد کا دورہ کر چکے ہیں۔

ان تینوں رہنماؤں نے 'سبرمتی آشرم' کا بھی دورہ کیا تھا اور مہاتما گاندھی کو خراجِ عقیدت پیش کیا تھا۔