ویب ڈیسک—نظامِ ہاضمہ انسان کی صحت کا انتہائی اہم حصہ ہے جسے اکثر ہم نظر انداز کر دیتے ہیں یا اس کا کوئی خاص خیال نہیں رکھتے۔ اگر یہ نظام صحیح طریقے سے کام نہ کرے تو اس کے انسان کی مکمل صحت پر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
نظامِ ہاضمہ کا سب اہم جُز 'گیسٹروانٹیسٹینل ٹریک' ہے جسے جی آئی ٹی یا 'گَٹ' بھی کہا جاتا ہے۔ یہ سسٹم کام کیسے کرتا ہے سب سے پہلے اس بارے میں جانتے ہیں۔
جی آئی ٹریک ہمارے حلق سے شروع ہو کر بڑی آنت پر ختم ہوتا ہے۔ آسان الفاظ میں اسے 'ڈائجیسٹو ٹریک' بھی کہا جاتا ہے۔ یہ وہ ٹریک ہے جو کھانے کو ہضم کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی غذائیت کو جسم کے دیگر حصوں کو پہنچاتا ہے۔
امریکہ کے ہارورڈ میڈیکل اسکول کے ایک مضمون کے مطابق جی آئی ٹریک میں وافر مقدار میں بیکٹیریا پائے جاتے ہیں جن میں سے زیادہ تر 'اچھے بیکٹیریا' ہوتے ہیں۔
یہ بیکٹیریا کھانے سے غذائیت کو جسم میں جذب کرانے کے ساتھ ساتھ نظام مدافعت، نظامِ ہاضمہ اور دماغ کی صحت میں بہتری کے لیے بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
گٹ ہیلتھ کا خیال رکھنے کے لیے چند تجاویز پر نظر ڈالتے ہیں۔
خوراک میں فائبر کا زیادہ استعمال
ہارورڈ میڈیکل اسکول کے مضمون کے مطابق فائبر سے بھرپور غذا آنتوں کی صحت کے لیے بہترین ثابت ہوتی ہے۔
فائبر سے بھرپور غذا کا استعمال جسم میں سوزش کم کرنے ساتھ ساتھ قبض جیسی بیماری پر قابو پانے کے لیے مددگار ثابت ہوتا ہے۔
خوراک میں سبزیاں، پھلیاں، دالیں، خشک میوہ جات اور پھل شامل کر کے فائبر حاصل کیا جا سکتا ہے۔
امریکہ کے صحتِ عامہ کے نگراں ادارے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری وینشن (سی ڈی سی) کی تجویز کے مطابق ایک بالغ انسان کو دن میں 22 سے 34 گرام تک فائبر لینا چاہیے۔
پانی کا استعمال
پانی نظامِ ہاضمہ کے لیے بہت ضروری ہے۔ پانی جسم میں غذائیت جذب کرنے کے ساتھ ساتھ اسے دیگر حصوں میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
پانی کا استعمال قبض سے بھی بچاتا ہے۔
SEE ALSO: دن میں آٹھ گلاس پانی پینا صحت کے لیے کتنا ضروری ہے؟جسم کو ترو تازہ رکھنے کے لیے دن میں ڈیڑھ سے دو لیٹر پانی پیئں۔
اسٹریس پر قابو پائیں
پریشانی یا اسٹریس آپ کے نظامِ ہاضمہ کو متاثر کر سکتی ہے۔ اسٹریس کے سبب جسم میں ایسے ہارمونز خارج ہوتے ہیں جو ڈائیریا، قبض، معدے کی تکلیف اور سینے میں جلن کا باعث بن سکتے ہیں۔
ماہرین کہتے ہیں ہم سب اپنی زندگی میں کہیں نہ کہیں اسٹریس یا اضطراب کی کیفیت محسوس کرتے ہیں۔ اس لیے یہ سیکھنا ضروری ہے کہ اسٹریس پر کیسے قابو پایا جا سکتا ہے۔
SEE ALSO: اسٹریس اور انگزائٹی میں کیا فرق ہے؟یوگا، سانس کی مشق اور مراقبہ اسٹریس کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔
بھرپور نیند
بہترین نظامِ ہاضمہ کے لیے ماہرین دن میں بھرپور نیند لینے کی بھی تجویز دیتے ہیں۔
نیند جی آئی ٹی میں موجود بیکٹیریا پر اثر انداز ہوتی ہے جو نظامِ ہاضمہ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
جسمانی طور پر متحرک
جسمانی طور پر متحرک رہنا ویسے تو مکمل صحت کے لیے بہت ضروری ہے لیکن یہ نظامِ ہاضمہ کی بہتری میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
کئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اگر آپ اچھی گٹ ہیلتھ چاہتے ہیں تو اس کے لیے ایکسرسائز ضروری ہے۔