دو روز پہلے امریکہ کے جزائر ورجن آئس لینڈز سے ٹکرانے والے سمندری طوفان ڈورین کے متعلق یہ پیش گوئی کی گئی ہے کہ جب وہ پیر کی رات ریاست فلوریڈا کے مشرقی ساحل سے ٹکرائے گا تو اس کی قوت کیٹگری فور تک پہنچ جائے گی۔
طوفان کے خطرے کے پیش نظر صدر ٹرمپ نے اپنا پولینڈ کا دورہ منسوخ کر دیا ہے، جہاں وہ دوسری جنگ عظیم کے آغاز کی 80 سالہ تقریب میں شرکت کے لیے جانے والے تھے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ میں نے یہ یقینی بنانے کے لیے کہ وفاقی حکومت کے تمام وسائل ہری کین کی آمد پر مرکوز رہیں، اپنی جگہ نائب صدر مائیک پینس کو اختتام ہفتہ پولینڈ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میرے نزدیک میرا یہاں رہنا زیادہ ضروری ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ سمندری طوفان بہت ہی بڑا ہو گا۔ اس لیے اب مائیک پولینڈ جائیں گے۔
صدر نے کہا ہے کہ انہوں نے پولینڈ کے صدر آئنڈری ڈوڈا کو ٹیلی فون کر کے یہ وضاحت کی ہے کہ ان کی سب سے اہم ترجيج ہری کین کے راستے میں آنے والے لوگوں کا تحفظ اور سلامتی ہے۔ اور میں مستقبل قریب میں اپنا پولینڈ کا دورہ دوبارہ طے کروں گا۔
نیشنل ہری کین سینٹر نے جمعے کے روز کہا ہے کہ توقع ہے کہ آج دن ڈھلے ہری کین ڈورین کی قوت میں اضافے ہونے سے وہ ایک بڑے طوفان کی شکل اختیار کر لے گا۔
سینٹر نے کہا ہے کہ امکان یہ ہے کہ ڈورین شمال مغرب میں واقع بہاماز کے نزدیک اور اختتام ہفتہ جزیرہ نما فلوریڈا سے گزرتے ہوئے بدستور ایک خطرناک سمندری طوفان رہے گا۔
بہاماز کی حکومت نے شمال مغربی حصے کے لیے سمندری طوفان پر نظر رکھنے کے احکامات جاری کیے ہیں، جب کہ فلوریڈا کے گورنر ران ڈی سینٹس نے پوری ریاست کے لیے ایمرجینسی کی صورت حال کا اعلان کیا ہے۔
ہری کین سینٹر نے کہا ہے کہ ڈورین کے نتیجے میں ہونے والی بارشیں اور سیلابی ریلے زندگیوں کے لیے خطرات پیدا کر سکتے ہیں۔
سمندری طوفان ڈورین میں ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ سے رفتار 165 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ ڈورین پیر کی صبح جب فلوریڈا سے ٹکرائے گا تو اس کی کیٹیگری بڑھ کر چار ہو چکی ہو گی اور اس میں شامل ہواؤں کی رفتار کم ازکم 209 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو گی۔
کیٹیگری فور کے طوفانوں کے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ تباہ کن ہوتے ہیں۔ وہ گھروں اور عمارتوں کو تباہ کر سکتے ہیں، سڑکیں توڑ پھوڑ سکتے ہیں، درختوں اور بجلی کے کھمبوں کو اکھاڑ سکتے ہیں۔
پیر یکم ستمبر کو امریکہ میں لیبر ڈے کی تعطيل ہوتی ہے لیکن اگر سمندری طوفان ڈورین اسی راستے پر آگے بڑھاتا رہا جس کا اندازہ لگایا گیا ہے تو ریاست فلوریڈا میں لیبر ڈے کی تعطيل نہیں ہو گی۔