بھارت میں تامل نادو کے جنوبی ساحل پر تیز آندھی، طوفان اور جھکڑ چلنے سے کم از کم 33 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
ہفتے کے روز حکام نے بتایا کہ طوفان کے نتیجے میں وسیع علاقے پر تباہی پھیل چکی ہے، گھر تباہ اور سڑکیں ٹوٹ گئی ہیں، جب کہ ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کو امدادی کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
امدادی کام کے لیے بھارتی بحریہ نے دو سمندری جہاز اور ایک ہیلی کاپٹر شہری حکام کے حوالے کیا۔
سرکاری اہلکاروں نے پینے کا پانی، خوراک اور ادویات کی کھیپ پہنچائی، جب کہ تقریباً 82000 افراد نے ریاست کی جانب سے لگائے گئے 400 سے زائد خیموں میں پناہ لے رکھی ہے۔
سمندری طوفان، 'گاجا' کے راستے میں آنے والے علاقوں کو پہلے ہی خالی کرایا گیا تھا، جہاں تامل نادو کے چھ اضلاع میں جمعے کے روز تیز بارشیں اور 90 کلومیٹر فی گھنٹا (55 میل فی گھنٹا) کی رفتار سے آندھی آئی۔
ریاست کے منتخب اعلیٰ اہلکار، اداپادی پلانی سوامی نے بتایا ہے کہ امدادی کارکنان نے جمعے کے روز 13 لاشیں برآمد کیں، جب کہ 20 لاشیں ہفتے کے روز ملی ہیں۔ بقول اُن کے، زیادہ تر ہلاکتیں سیلابی پانی، گھروں کے گرنے یا بجلی لائنیں اکھڑنے کے نتیجے میں ہوئیں۔
نامل نادو اکثر خیلج بنگال میں چلنے والے جھکڑوں کی زد میں آتا ہے۔