ٹرمپ درآمدی محصولات کیوں لگانا چاہتے ہیں؟

صدر ٹرمپ کانگریس کے اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں۔ اپنے اس خطاب میں انہوں نے اپنے خطاب میں منصفانہ تجارت کے لیے محصولات کی وضاحت کی۔ 4 مارچ 2025

  • ٹرمپ کا کہنا ہے کہ محصولات سے منصفانہ تجارت کی راہ ہموار ہو گی۔
  • ٹرمپ محصولات کو غیر قانونی امیگریشن اور منشیات کی اسمگلنگ روکنے کے لیے ایک آلے کے طور پر استعمال کرنا چاہتے ہیں۔
  • درآمدی محصولات سے ملکی صنعتوں کو فرو غ ملے گا۔ ٹرمپ
  • محصولات سے آمدنی میں اضافہ ہو گا اور امریکہ دوبارہ عظیم اور امیر بن جائے گا۔ ٹرمپ
  • کئی معاشی ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ٹیکسوں کا بوجھ امریکی صارفین کو اٹھانا پڑے گا اور مہنگائی میں اضافہ ہو گا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نزدیک محصولات ایک خوبصورت لفظ ہے جس سے ملکی معیشت کے متعدد مسائل کو حل اور ملک کو امیر بنانے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے۔

زیادہ تر اقتصادی ماہرین کے نزدیک اگرچہ درآمدات پر عائد کیے جانے والے محصولات غیرمنصفانہ تجارت پر قابو پانے کا ایک طریقہ ہے لیکن وہ ٹرمپ کے دعوؤں پر شکوک و شہبات کا شکار ہیں۔

ٹرمپ نے امریکہ کے تین بڑے تجارتی شراکت داروں میکسیکو، کینیڈا اور چین کی درآمدات پر ٹیکس لگانے یا لگانے پر غور کرنے کی بہت سی وجوہات پیش کیں ہیں جس سے تجارتی جنگ چھڑنے کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان ٹیکسوں کے نفاذ سے صارفین اور کاروباری افراد پر بوجھ میں اضافہ ہو گا۔

ٹرمپ نے منگل کو کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ محصولات کے نفاذ سے امریکی آٹو انڈسٹری کو فروغ مل رہا ہے۔

صدر ٹرمپ کانگریس کے اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں۔ 4 مارچ 2025

ٹرمپ کا مینوفیکچرز کو کہنا تھا کہ اگر آپ اپنی مصنوعات امریکہ میں نہیں بنائیں گے تو آپ کو محصولات ادا کرنے ہوں گے اور بعض معاملات زیادہ محصولات دینے ہوں گے۔

تاہم ٹرمپ نے آٹو انڈسٹری کے لیے میکسیکو اور کینیڈا سے درآمدات پر اپنے سخت محصولات میں ایک ماہ کی چھوٹ دے دی ہے کیونکہ اس سے امریکی آٹو انڈسٹری کو نقصان پہنچ سکتا تھا ۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری نے کہا ہے کہ ٹرمپ نے میکسیکو اور کینیڈا پر محصولات میں ایک ماہ کی چھوٹ کا اعلان بدھ کے روز امریکہ کے تین بڑے آٹو میکرز فورڈ، جنرل موٹرز اور سٹیلنٹس کے اعلیٰ عہدے داروں سے بات چیت کے بعد کیا۔

غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ کو روکنا

ملکی صنعتوں اور معیشت کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ٹرمپ کی ترجیحات میں غیر قانونی امیگریشن کو روکنا بھی شامل ہے۔وہ غیرقانونی امیگریشن اور منشیات کی آمد روکنے کے لیے کینیڈا اور میکسیکو پر ٹیکس عائد کرنے کو ایک حربے کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔اس کے نتیجے میں کینیڈا نے میکسیکن کارٹیل کو دہشت گرد گروپوں کی اپنی فہرست میں شامل کیا ہے اور میکسیکو نے غیرقانونی امیگریشن روکنے کے لیے سرحد پر اپنے 10 ہزار فوجی تعینات کیے۔

SEE ALSO: صدر ٹرمپ کا کانگریس سے خطاب: تجارتی شراکت داروں پر ٹیرف سمیت دیگر پالیسیوں کا دفاع

اتوار کو ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا نیٹ ورک پر ایک پوسٹ میں کہا ’ پچھلے مہینے غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے کی تعداد اب تک کی سب سے کم ترین رہی۔ آپ کا شکریہ‘۔

فینٹینیل اسمگلنگ روکنے کے اقدامات

ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ کینیڈا، میکسیکو اور چین پر محصولات انہیں امریکہ کی جانب فینٹینیل کی اسمگلنگ روکنے میں غفلت برتنے پر لگا رہے ہیں۔

امریکی کسٹمز نے گزشتہ مالی سال کے دوران کینیڈا کی سرحد پر 43 پاؤنڈ فینٹینیل ضبط کی، جب کہ میکسیکو کی سرحد پرضبط کی جانے والی مقدار 21 ہزار پاؤنڈ سے زیادہ تھی۔

ٹرمپ نے بدھ کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ جب کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے پوچھا کہ محصولات کے بارے میں کیا کیا جا سکتا ہے تو میں نے انہیں بتایا کہ بہت سے لوگ فینٹینیل سے مر چکے ہیں ۔ یہ نشہ آور چیز کینیڈا اور میکسیکو کی سرحدوں سے آتی ہے اور کوئی مجھے اس کی اسمگلنگ بند ہونے پر قائل نہیں کر سکا۔

SEE ALSO: نئے محصولات سے امریکہ کو  سالانہ 100 ارب ڈالر کی اضافی آمدنی ہو گی، ماہرین، چین کے امریکی درآمدات پر 21 ارب ڈالر کے جوابی محصولات

چین پر محصولات کے نفاذ کے حکم میں کہا گیا ہے کہ یہ ملک ان جرائم پیشہ گروپوں کو محفوظ پناہ گائیں فراہم کرتا ہے جو افیون کی پیداوار، ترسیل اور فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی کی منی لانڈرنگ کرتے ہیں۔

محصولات بجٹ کو متوازن بنائیں گے

ٹرمپ نے پچھلے مہینے میامی میں سرمایہ کاری کے سربراہی اجلاس میں کہا تھا کہ محصولات سے وفاقی بجٹ کو متوازن بنانے میں مدد ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم فوری طور پر اپنے بجٹ کو متوازن بنانے کی کوشش کر رہے ہیں اور محصولات کی آمدنی کے حیرت انگیز اثرات ظاہر ہو رہے ہیں۔

SEE ALSO: کیا بھارت امریکی گاڑیوں پر درآمدی  ٹیکس صفر کر دے گا؟

محصولات کا منصفانہ نظام

ٹرمپ کا کہنا ہے کہ میں نے منصفانہ تجارت کے لیے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ہم جوابی ٹیکس عائد کریں گے۔ انہوں نے پچھلے مہینے ایک اعلامیے پر دستخط کیے تھے جس میں انہوں نے جوابی ٹیکسوں کے اپنے منصوبے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ سب کے لیے جائز ہے اور کوئی دوسرا ملک شکایت نہیں کر سکتا۔

ٹرمپ نے کانگریس سے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ جو بھی ملک ہم پر ٹیکس لگاتے ہیں، ہم ان پر ٹیکس لگائیں گے۔

امریکہ کو امیر بنائیں گے

ٹرمپ کئی بار کہہ چکے ہیں کہ محصولات سے حاصل ہونے والی آمدنی ملک کو دولت مند بنائے گی۔

ٹرمپ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ محصولات سے حاصل ہونے والی آمدنی ملک کی دولت میں اضافہ کرے گی ۔ انہوں نے کانگریس میں اپنی تقریر میں کہا تھا کہ محصولات کا مقصد امریکہ کو دوبارہ امیر اور دوبارہ عظیم ملک بنانا ہے۔

(اس رپورٹ کی تفصیلات اے پی سے لی گئیں ہیں)