ویب ڈیسک _ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم چیمپئنز ٹرافی کا فائنل کھیلنے کے لیے لاہور سے دبئی پہنچ گئی ہے جہاں وہ ایونٹ کے فیصلہ کن میچ میں اتوار کو بھارت کے مدِ مقابل ہو گی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں بدھ کو کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل میچ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو 50 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
ایونٹ کے فائنل میں کیویز ٹیم کا ٹاکرا ایک مرتبہ پھر بھارت سے ہو گا جس نے گزشتہ اتوار کو کھیلے گئے گروپ میچ میں کیویز کو 44 رنز سے ہرایا تھا۔ ایونٹ میں نیوزی لینڈ کی یہ پہلی شکست تھی جب کہ بھارت اب تک ناقابلِ شکست رہا ہے۔
بھارت کے خلاف فائنل کی تیاریوں سے متعلق کیویز ٹیم کے سینئر بلے باز کین ولیمسن کہتے ہیں کہ گروپ میچ میں بھارت سے ہونے والی شکست سے سبق سیکھ کر فائنل میں مقابلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ایک شاندار ٹیم ہے اور ایونٹ میں بہت اچھا کھیل رہی ہے لیکن فائنل میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کے لیے ضروری ہے کہ سابقہ شکست سے سیکھا جائے۔
ولیمسن بھارت کے خلاف ایک اچھے کھیل کے لیے پرامید ہیں اور کہتے ہیں کہ دبئی کی کنڈیشنز لاہور سے بہت مختلف ہیں جہاں 300 کا ہدف مشکل ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیمی فائنل میں 361 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پروٹیز ٹیم مقررہ اوورز میں نو وکٹوں پر 312 رنز بنا سکی تھی۔
ولیمسن کا کہنا ہے کہ ہمیں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں کامیابی سے مثبت جذبات کو لے کر فائنل کی تیاری کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سیمی فائنل کی جیت پر جشن منا رہے ہیں لیکن اگلا میچ ہمارا لیے ٹائٹل کے حصول کا موقع ہے۔
نیوزی لینڈ نے سال 2000 کے چیمپئنز ٹرافی کے سوا آئی سی سی کے وائٹ بال فارمیٹ میں اب تک کوئی بھی بڑا ٹائٹل اپنے نام نہیں کیا ہے۔
کیویز ٹیم 2015 اور 2019 ون ڈے ورلڈ کپ کا فائنل کھیل چکی ہے جب کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل اور فائنل میں آٹھ مرتبہ پہنچ کر ہاری ہے۔
تاہم ولیمسن نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس مرتبہ چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل ان کی ٹیم جیتے گی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم کے پاس ڈیون کانوے، ٹام لیتھم، کین ولیمسن ول ینگ کی صورت میں چار بلے باز ہیں جب کہ آل راؤنڈرز میں ڈیرل مچل، رچن روندرا، گلین فلپس، مارک چیپمن، مچل براسویل اور نیتھ اسمتھ شامل ہیں۔ اسی طرح فاسٹ بالنگ اٹیک میں میٹ ہینری، لوکی فرگوسن، ول اورورکی، بین سیئر اور جیکب ڈفی شامل ہیں۔
ولیمسن نے جنوبی افریقہ کے خلاف سینچری بنانے والے کیویز بلے باز رچن روندرا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ روندرا جس انداز سے بیٹنگ کی اور مکمل آزادی سے کھیلا ، وہ شاندار ہے اور ان کے ساتھ بیٹںگ شراکت قائم کرنا ہمیشہ سے اچھا لگتا ہے۔
ولیمسن اور روندرا نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسری وکٹ پر 164 رنز کی شراکت قائم کی تھی اور دونوں ہی بلے بازوں نے سینچریاں بنائی تھیں۔
ولیمسن نے کیویز کپتان مچل سینٹنر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان میں قائدانہ صلاحیتیں موجود ہیں اور وہ بہت ہی شاندار لیڈر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سینٹنر ورلڈ کلاس اسپنر ہیں اور ہماری ٹیم کے بالنگ اٹیک کے اہم رکن ہیں جنہوں نے کئی مواقعوں پر ٹیم کے لیے شاندار پرفارمنسز دی ہیں۔
اس رپورٹ کے لیےبعض معلومات اے ایف پی سے لی گئی ہیں۔
فورم