امریکہ میں اختتام ہفتہ وسطی اور جنوبی ریاستیں شدید سردی کی لیپٹ میں رہیں۔
طوفان سے آرکینسا کے علاقوں، شمالی ٹیکساس، اوکلاہوما اور کینساس میں شدید بارش اور برفباری ہوئی۔
جمعرات سے شروع ہونے طوفان کے باعث اب تک ٹیکساس اور کینساس میں 14 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
حکام نے کہا ہے کہ اوکلاہوما میں شدید بارش اور برف جمنے کے باعث بجلی کی فراہمی میں خلل پیدا ہونے کے اتوار کو ستر ہزار گھروں اور تجارتی مراکز میں بجلی بند رہی۔
حکام کے مطابق قریبی ریاست کینساس میں 10 ہزار گھروں میں بجلی بند تھی۔
شمالی ٹیکساس اور آرکینسا میں بارش کے بعد دریاؤں میں طغیانی کے باعث مزید سیلاب کا امکان ہے جس سے نمٹنے کے لیے انتطامات کیے جا رہے ہیں۔
اتوار کو روکی ماؤنٹینز میں ایک اور طوفان پیدا ہوا جو امریکہ کے شمالی میدانی علاقوں سے ہوتا ہوا شمالی مشرقی علاقوں کی طرف بڑھ رہا ہے۔
موسمیاتی پیشن گوئی کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ بدھ تک ایک بڑے علاقے میں 30 سینٹی میٹر تک برفباری ہو سکتی ہے۔