امریکہ کی قومی موسمیاتی سروس نے ملک کے شمال مشرق میں کئی بڑے شہروں میں برفانی طوفان کا انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ پیر اور منگل کو شدید برفباری اور تیز ہوائیں چلنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
نیویارک سے بوسٹن اور مشرقی کینیڈا میں 60 سینٹی میٹر تک برفباری ہو سکتی ہے۔
اتوار کو نیویارک شہر کے مئیر بل ڈی بلاسیو نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ "یہ اس شہر کی تاریخ کے دو یا تین بڑے طوفانوں میں سے ایک ہو سکتا ہے اور ہمیں اسی کے مطابق منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہے"۔
انھوں نے نیویارک کے باسیوں پر زور دیا کہ " وہ (غیر ضروری) سفر سے اجتناب کریں اور اس سے بھی برے حالات کے لیے تیار رہیں جو ہم پہلے دیکھ چکے ہیں"۔
ملک کے وسطی علاقوں سے شروع ہونے والا طوفان متوقع طور پر جنوب میں واشنگٹن ڈی سی تک برفباری کا سبب بن سکتا ہے۔ تاہم توقع کی جا رہی ہے کہ واشنگٹن زیادہ تر "مکمل برفباری" کی صورت حال سے بچ جائے گا۔
طوفان کے مشرقی ساحلی علاقوں کی طرف بڑھنے سے سڑک، ریل اور ہوائی سفر کے شدید متاثر ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔
عہدیدار اس طوفان کی وجہ سے بجلی کی فراہمی میں تعطل کے خدشے کا اظہار کر رہے ہیں جس سے کروڑوں افراد کے معمول زندگی متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔