رسائی کے لنکس

کچی سبزیاں زیادہ مفید ہیں یا پکی ہوئی؟


  • سبزیاں پکانے سے نہ صرف یہ نرم ہوجاتی ہیں بلکہ انہیں ہضم کرنا بھی آسان ہو جاتا ہے:ماہرِ غذائیات
  • تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کھانا پکانے کے مختلف طریقے اس کی غذائیت پر اثر انداز ہوتے ہیں, ماہرِ غذائیات کارلین تھامس
  • کم مقدار میں گھی یا تیل استعمال کرنے میں کوئی برائی نہیں ہے, ماہرین

ویب ڈیسک—ہم نے اکثر یہ سنا ہو گا کہ سبزیاں زیادہ پکانے سے اس میں موجود غذائیت کم ہو جاتی ہے یا سبزیوں کو کچا کھانا زیادہ فائدے مند ہے۔

لیکن اس بارے میں ماہرین کیا کہتے ہیں اور ان کی نظر میں سبزیاں کھانے کا بہترین طریقہ کیا ہے؟ چلیں جانتے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق امریکی ریاست ورجینیا سے تعلق رکھنے والی ماہرِ غذائیات کارلین تھامس کا کہنا ہے کہ تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کھانا پکانے کے مختلف طریقے اس کی غذائیت پر اثر انداز ہوتے ہیں۔

ماہرِ غذائیات کے مطابق سبزیاں تیز آنچ پر پکانے سے اس میں موجود کئی غذائی اجزا کم ہو سکتے ہیں۔ لیکن ہمیشہ ایسا نہیں ہوتا۔

ان کے بقول، سبزیاں پکانے سے نہ صرف یہ نرم ہوجاتی ہیں بلکہ انہیں ہضم کرنا بھی آسان ہو جاتا ہے، اور جسم کے لیے ان میں موجود غذائی اجزا کو جذب کرنا بھی زیادہ مؤثر ہو جاتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کچے کے مقابلے پکے ہوئے ٹماٹروں میں 'لائیکوپین' زیادہ مقدار میں پایا جاتا ہے۔ لائیکوپین ایک ایسا اینٹی آکسی ڈینٹ ہے جو کینسر کے خلاف لڑتا ہے۔

اسی طرح گاجر، شکر قندی اور کدو کو پکانے یا بھوننے سے 'کیروٹینوائڈز' میں اضافہ ہوتا ہے۔ 'کیروٹینوائڈز' ایک قدرتی اینٹی آکسی ڈینٹ ہے جو جسم میں سوزش کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

ریاست نبراسکا سے تعلق رکھنے والی ماہرِ غذائیات امبر پینکونن کا کہنا ہے کہ سبزیوں کو کم وقت کے لیے پکانے سے اس میں موجود غذائی اجزا زیادہ محفوظ رہتے ہیں۔

ان کے بقول اسٹیم کرنا کھانا پکانے کے بہترین طریقوں میں شمار ہوتا ہے کیوں کہ اس میں کسی قسم کا فیٹ یعنی گھی، تیل کا استعمال نہیں کیا جاتا۔

ڈائی ٹیشنز کا یہ بھی کہنا ہے کہ کم مقدار میں گھی یا تیل کا استعمال کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے۔ سبزیاں بناتے ہوئے تیل کا صرف اتنااستعمال کریں کہ وہ آپس میں نہ چپکے۔ نہ کہ اتنا تیل استعمال کیا جائے کہ وہ اس میں تیرنے لگیں۔

یہ رپورٹ خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کی معلومات پر مشتمل ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG