رسائی کے لنکس

دو نئی فلمیں ’کانچی‘ اور ’ریوالور رانی‘ ریلیز ہوگئیں


اس جمعے کون کون سی فلمیں سینما گھروں کی زینت بنیں اور پچھلے ہفتے ریلیز ہونے والی فلمیں کہاں تک پہنچیں؛ ذرا ایک نظر تو ڈالیں:

جمعے کا دن بالی وڈ کے لئے بہت اہمیت رکھتا ہے۔ اس دن نئی ریلیز ہونے والی فلموں کی قسمت کا فیصلہ باکس آفس پر سنایا جاتا ہے۔ جس فلم کے ٹکٹ کاوٴنٹر پر کیش رجسٹر کی مسلسل ’ٹک ٹک‘ سنائی دے۔۔ وہ فلم سمجھئے ہٹ ہوگئی ۔۔اور۔۔جہاں لمبی خاموشی ہو سمجھیں فلم فلاپ ہوگئی۔

اس جمعے کون کون سے فلمیں سینما گھروں کی زینت بنیں اور پچھلے ہفتے ریلیز ہونے والی فلمیں کہاں تک پہنچیں، انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ گلیم شیم نے ان کا احوال کچھ یوں بیاں کیا ہے:

کانچی
ویٹرن ڈائریکٹر سبھاش گھئی کو بالی وڈ سے معمولی سی دلچسپی رکھنے والا شخص بھی خوب جانتا ہے۔ انہوں نے اپنی فلموں کے ذریعے جیکی شیروف جیسے بہت سے اسٹارز ہندی سینما کو دئیے۔ ’ہیرو‘ سے لے کر ’تال‘۔۔تک سبھاش گھئی کے کریڈٹ پر کئی سپر ہٹ فلمیں ہیں۔ ایک طویل وقفے کے بعد سبھاش گھئی ایک بار پھر بالی وڈ میں ’ان‘ ہوئے ہیں فلم ’کانچی‘ کے ذریعے ۔

فلم کی کہانی میں ہیروئن کا کردار گھئی کی پچھلی فلموں کی طرح مضبوط ہے ۔ گانے بھی حسب معمول اچھے ہیں اورفلم کی ریلیز سے پہلے ہی سننے والوں میں پسند کئے جارہے ہیں۔فلم کے ہیرو کارتک تیواری اور ہیروئن مشٹی نئے ہیں جبکہ رشی کپور بھی اہم کردار میں نظر آئیں گے۔

ریوالور رانی
آج ریلیز ہونے والی دوسری فلم جس کا شائقین کو انتظارتھا وہ ہے ریوالوررانی‘۔ راجو چڈھا کی پروڈیوس اور سائیں کبیر کی ڈائریکٹ کردہ فلم کا چرچا بالی وڈ اور بالی وڈ کے باہر بھی بہت کیا جارہاتھا جس کی وجہ تھی فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والی کنگنا رانوت۔

بہت سے فلمی ناقدین کا کہنا ہے کہ فلم اگر باکس آفس پر اچھا بزنس نہ بھی کرسکی تو بھی کنگنا رانوت نے جس عمدگی سے اپنا کردار نبھایا ہے وہ عرصے تک لوگ بھول نہیں سکیں گے۔ فلم میکرز، کاسٹ اور دیگر کریو کو بہت امید ہے کہ فلم باکس آفس پر شائقین سے داد وصول کرے گی۔

پچھلے ہفتے کی فلمیں
اب بات ہوجائے پچھلے ہفتے ریلیز ہونے والی فلموں کی۔

’ٹو اسٹیٹس‘ اور ’بھوت ناتھ ریٹرنز‘ کے علاوہ ’دیکھ تماشا دیکھ‘ اور ’ لکی کبوتر‘ کب آئیں اور کب چلی گئیں کسی کو پتا ہی نہیں چلا۔

’ٹو اسٹیٹس‘ نے ابتدائی ہفتے میں اچھی شروعات کیں۔ عالیہ بھٹ اور ارجن کپور کی اداکاری کو بھی لوگوں نے پسند کیا اور فلم کی کہانی کو بھی جس میں پنجابی لڑکے اور تامل لڑکی کی محبت کو ہلکے پھلکے انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ ماضی کی مشہور ہیروئن امرتا سنگھ، ریواتھی او ررونت رائے بھی کاسٹ کا حصہ ہیں۔

بھوت ناتھ ریٹرنز
امیتابھ بچن کی فلم ’بھوت ناتھ‘ کا سیکوئل ’بھوت ناتھ ریٹرنز‘ کی ابتدائی ہفتے کی پرفارمنس بھی اچھی رہی اور فلم اب بھی سینما گھروں میں رش لے رہی ہے۔فلم میں امیتابھ نے پہلی فلم کی طرح بھوت کاکردار خوبی سے نبھایا ہے جبکہ ان کے ساتھ ساتھ کاسٹ میں شامل دوسرے اداکاروں نے بھی اپنے کرداروں سے بھرپور انصاف کیا ہے۔
XS
SM
MD
LG